لاہور(پ ر) مجلس احراراسلام پاکستان نے عبوری وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے مطالبہ کیاہے کہ وہ وزیر اعظم بننے کے لئے اٹھائے گئے حلف کی پاسداری کویقینی بنائیں اورا قوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے تازہ ترین مطالبات کو مستردکرتے ہوئے قانون تحفظ ناموس رسالت ،قانون تحفظ ختم نبوت پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔مجلس احراراسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کا ایک اجلاس گزشتہ روز مرکزی دفتر نیومسلم ٹاؤن لاہور میں سینئر نائب صدر پروفیسر خالد شبیر احمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور تحریک ختم نبوت کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے ۔اجلاس میں سید محمد کفیل بخاری ،عبداللطیف خالد چیمہ،ملک محمد یوسف ،میاں محمد اویس ،قاری محمد یوسف احرار،ڈاکٹر عمرفاروق ،مولانا محمد مغیرہ،مولانا تنویرالحسن احرار،حافظ ضیاء اللہ ہاشمی ،ڈاکٹر محمد آصف ،قاری محمد قاسم بلوچ،ڈاکٹر شاہد محمودکاشمیری ،ڈاکٹر ضیاء الحق قمر،حاجی عبدالکریم قمر، محمد قاسم چیمہ،مہر اظہر حسین وینس نے شرکت کی ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 14اگست کو یوم آزادی کی تقریبات مراکزاحرارمیں شایان شان طریقے سے منعقد ہوں گی جبکہ 21اگست کو یوم امیر شریعت منایا جائے گا اور 7ستمبر کو ملک بھر میں یوم تحفظ ختم نبوت(یوم قرارداداقلیت )منایا جائے گا ۔یوم ختم نبوت کی تقریبات بیرون ممالک بھی منعقد ہوں گی 17ستمبر لاہور میں سالانہ ختم نبوت تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہوگی۔پروفیسر خالد شبیر احمد نے صدارتی خطاب میں کہا کہ یہ ملک بڑی طویل قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا لیکن آج تک سیاسی جماعتوں اور اداروں نے ملک کے قیام کے حقیقی مقصد کو پس پشت ڈالاہوا ہے اور بیرونی کفریہ ایجنڈے پر عملدرآمد کے ذریعے ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس میں 48آف شور کمپنیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے عدلیہ مرزا مسرور احمد اور دیگر قادیانیوں کی غیرقانونی آف شور کمپنیوں کو قانون کے شکنجے میں نہ لاکر اپنی غیر جانبداری کو مشکوک بنارہی ہے تاہم سپریم کورٹ کی طرف سے قادیانی آف شور کمپنیز کا ریکارڈ طلب کیا جانا خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کی طرف سے پاکستانی حکومت کو یہ ڈکٹیٹ کرنا کہ ’’ہم جنس پرستی کی فعل کوپذیرائی بخشی جائے اور لوگوں کو اس بابت سہولت دی جائے ‘‘انتہائی شرمناک ہے جو انسانیت کو تباہی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے۔ سید محمد کفیل بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دینی مدارس اور دینی فلاحی اداروں کی امداد کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کررہی ہے جو دینی و فلاحی کاموں میں بیرونی ایجنڈے کے مطابق ہے ۔اجلاس کی قراردادوں میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ ملک کی نظریاتی شناخت اور دینی تشخص کی حفاظت کی جائے اور ملک میں اسلامی اقدار کو فروغ دینے میں خاطر خواہ کردار ادا کیا جائے ۔ایک قرارداد میں ملک میں جاری سیاسی بحران کو قوم وملک کے لئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں پرامن سیاسی فضاء بحال کی جائے اور عوام کی حقیقی مشکلات کے حل کے لئے خصوصی اقدامات بروئے کار لائے جائیں ،اجلاس میں متحارب سیاسی قوتوں سے اپیل کی گئی کہ وہ ملک وملت کے مفاد اور دستور کی بالادستی کو ترجیح دیں اور ذاتی اور نجی الزامات سے گریز کریں ۔مجلس عاملہ نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے اسلامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ کیا ،تاکہ عالم اسلام کو درپیش داخلی و خارجی مسائل کا دیرپا اور مناسب حل تلاش کیا جاسکے ۔اجلاس کے اختتام پر احرارکے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمر فاروق احرار نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ7ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت پوری دنیا میں منایا جائے گا اور ستمبر کا پورا مہینہ ملک بھر میں اجتماعات جاری رہیں گے ،انہوں نے بتایا کہ 16ستمبر کو جماعت کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا اور 22اکتوبر تا 5نومبر مرکزی دفتر لاہور میں دورۂ ختم نبوت برائے تربیت المبلغین کرایا جائے گا تاکہ تحفظ ختم نبوت کے لئے رجال کار تیار کئے جاسکیں ،انہوں نے وفاق المدارس العربیہ کے قائدین اور تمام مکاتب فکر کے رہنماؤں سے دردمندانہ درخواست کی گئی کہ دینی حلقوں کو حوصلہ دینے والے اقدامات کریں اور عید الاضحی کے موقع پر چرم قربانی کی فراہمی کرنے والے اداروں کی حکومتی ہراسمنٹ کا مناسب تدارک کریں۔