لاہور(پ ر) مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری،نائب امیر سید محمد کفیل بخاری،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، قاری محمد یوسف احرار،میاں محمد اویس،مولانا محمد مغیرہ اور دیگر رہنماؤں نے جانشین حافظ الحدیث،حضرت مولانا فداء الرحمن درخواستی (امیر پاکستان شریعت کونسل)کے انتقال پرملال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ہے اور ایک تعزیتی بیان میں کہاہے کہ مولانا فداء الرحمن درخواستی اکابر اہل حق کی روایات کے امین تھے اورخصوصاًحافظ الحدیث حضرت مولانا محمد عبداللہ درخواستی کے طرز فکرکے ترجمان تھے۔انہوں نے زندگی بھر قرآن وسنت کی اشاعت میں گزاری اور پاکستان شریعت کونسل کے پلیٹ فارم سے بطور امیر نفاذ اسلام کی جدوجہد کے لیے کوشاں رہے۔مجلس احراراسلام کی قیادت نے درخواستی خاندان،حضرت مرحوم کے متوسلین اور خصوصاً پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹر ی جنرل مولانا زاہدالراشدی سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مولانا درخواستی مرحوم کی دینی تعلیمی خدمات کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیاہے۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے مولانا زاہدالراشدی اور درخواستی خاندان کے بزرگوں کو فون کرکے امیر احرار سید عطاء المہیمن بخاری اور دیگر رہنماؤں کی طرف سے اظہار تعزیت کیا۔