لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے اللہ کی رحمت، بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے حکومت کو رمضان المبارک آرڈیننس پر مؤثر عمل درآمد کروانا چاہیے۔ وہ گزشتہ روز مرکز ختم نبوت فتح ولاز چندرائے ڈیفنس روڈ لاہور میں نماز جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی کشمکش نیز حکمرانوں اور سیاستدانوں کا طرز عمل مغربی ڈیماکریسی کا شاخسانہ ہے جب تک اسلام کابطور نظام حیات عملی نفاذ نہیں ہو جاتا تب تک ہمارے مسائل کا حل ممکن نہیں۔ انہوں نے شہدائے ختم نبوت 1953کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جناب نبی کریمﷺ کے منصب رسالتﷺ پر مر مٹنے والے جان کی بازی تو ہار گئے لیکن ان کی ارواح سے ختم نبوت کی خوشبوئیں پھیلیں تو بھٹو مرحوم جیسی شخصیت نے لاہوری وقادیانی مرزائیوں کوغیر مسلم اقلیت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے تحفظ ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالتﷺجیسے قوانین پر مؤثر عمل درآمد کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امریکن سامراج اور عالمی استعمار کے سامنے صرف مذہبی طبقات نے سرنڈر نہیں کیا اور اپنی وضع قطع کے ساتھ زندہ ہیں یہی ہماری شناخت ہے جس کوان شاء اللہ تعالیٰ ہمیشہ قائم رکھیں گے۔