لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے کہا ہے کہ جناب نبی کریمﷺ کی حرمت اور منصب رسالت و ختم نبوت کا عقیدہ ایمان کی بنیاد ہے اس میں ذرا برابر بھی تشکیک حالت کفر و ارتداد تک لے جاتی ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ، سید عطاء للہ شاہ ثالث بخاری، سیکرٹری جنرل مولانا محمد مغیرہ اورکئی دیگر رہنماؤں نے مختلف مقامات پر اپنے اپنے خطبات اور بیانات میں کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کی شہ رگ ہے اور منکرین ختم نبوت کو تاریخ و سیرت کی روشنی میں بے نقاب کرنا ہمارے ایمان کا تقاضہ اور ہماری ذمہ داری بھی ہے۔ احرار رہنماؤں نے کہا کہ ہوشرباء مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ایسی گرانی تو پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہ ہوئی تھی جو اب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل اسلام کو بطور نظام حیات نافذ کرنے میں ہے اور مجلس احرار اسلام انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی غلامی میں لانے کے لیے کوشاں ہے جو آخری کامیابی تک جاری رہے گی ان شاء اللہ تعالیٰ۔ علاوہ ازیں بتایا گیا ہے کہ مجلس احرار اسلام کی نئی منتخب قیادت کے اعزاز میں مجلس احرار اسلام چیچہ وطنی کی جانب سے 19جون اتوار کو ایک عشائیہ تقریب منعقد کی جارہی ہے جس میں مرکزی قیادت شریک ہو گی۔