لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس ایوان احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں گزشتہ روز سید محمد کفیل بخاری قائم مقام امیر مجلس احرار اسلام کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملک بھر سے اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔ اجلا س میں اتفاق رائے سے سید محمد کفیل بخاری امیر، عبداللطیف خالد چیمہ، سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری نائب امیر، مولانا محمد مغیرہ سیکرٹری جنرل، ڈاکٹر محمد عمر فاروق احرار سیکرٹری اطلاعات، مولانا سید عطاء المنان بخاری ناظم تبلیغ اور مولانا محمد فیصل متین ناظم مالیات منتخب کر لیے گئے۔ مجلس شوریٰ نے فیصلہ کیا کہ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور تحفظ ختم نبوت کی تحریک کو منظم کیا جائے گا اور تمام دینی طبقات کو متحد کر کے شریعت کی بالادستی اور معاشرتی اقدار کے فروغ کے لیے جلد مشترکہ الائنس تشکیل دیا جائے گا۔ مجلس شوریٰ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے ریاست مدینہ کے رول ماڈل کو مد نظر رکھنا اولین ترجیح ہوگی جس کے لیے قولی نہیں بلکہ عملی قدم اٹھانا ہوگا کیو نکہ قوم اب ریاست مدینہ کے نام پر مزید دھوکہ کھانے کی متحمل نہیں ہے۔ مجلس شوریٰ کے اجلاس میں منظور کی جانے والی متعدد قراردادوں میں کہا گہا کہ قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل کے لیے بلا تاخیر قرآن و سنت کے نظام کو نافذ کیا جائے۔ عقیدہ ختم نبوت کو سرکاری و نجی نصاب تعلیم کا حصہ بنایا جائے۔ ایک قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ قادیانیوں کو کلیدی عہدوں سے بر طرف کیا جائے اور انہیں ملکی آئین و قانون کا پابند بنایا جائے۔ ایک متفقہ قرار داد میں حرمت سود کے حوالے سے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ سودی نظام کا سد باب کیا جائے۔ مجلس شوریٰ نے وفاقی بجٹ میں مہنگائی کو کم کرنے اور غریب کو ریلیف دینے کے بجائے فلمی صنعت اور سینماؤں کو ٹیکس کی چھوٹ دینے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ایک قرار داد میں ہندوستان کی انتہاء پسند جماعت بی جے پی کی رہنماء ملعونہ نوپار شرما کی توہین رسالت کے ارتکاب کی بھر پور مذمت کی گئی اور جب تک اس گستاخ رسول کو قرار واقعی سزا نہیں دی جاتی ہندوستان کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے اور بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا۔ او آئی سی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارتی خاتون سیاستدان کی توہین رسالت پر فوری اپنا اجلاس بلائے اور انڈیا کے ساتھ تمام اسلامی ملکوں کے تعلقات کی منسوخی کا فیصلہ کرے آذربائجان میں تعینات پاکستان کے سفیر بلال قادیانی کو برطرف کرکے مسلمان سفیر کا تقرر کیاجائے۔