لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان اورتحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں اورمبلغین نے مختلف مقامات پر اپنے اپنے خطبات جمعۃ المبارک اور بیانات میں سابق فوجی ڈکٹیٹر پرویز مشرف کیخلاف خصوصی عدالت کے فیصلے کو قانون کی حکمرانی سے تعبیر کرتے ہوئے کہاہے کہ جوں جوں جبر اورتعصب کے بادل چھٹیں گے حقیقت آشکارا ہوتی جائے گی۔رہنماؤں اورمبلغین نے کہاکہ قوم کے فرزندوں اور بیٹیوں کو ڈالروں کے عوض امریکہ کو فروخت کرنے والے پرویز مشرف کو اس سزا کا سنایا جانا بربنائے حقیقت ہے اور مظلوموں،مقتولوں اور شہیدوں کے ورثاء کے دل کی آواز بھی۔مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمدکفیل بخاری،سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ،میاں محمد اویس،قاری محمد یوسف احراراور ڈاکٹرعمرفاروق احرار نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ عدالتی فیصلے کے خلاف مہم جوئی آئین وقانون سے ماوراہے اور کوئی بڑی سے بڑی بااثرشخصیت بھی آئین اور قانون سے بالانہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہاکہ ملک کے مختلف حصوں میں اورخصوصاًلال مسجد میں بچوں اور بچیوں کے چیتھڑے آج بھی پرویز مشرف سے انتقام کی صدا لگارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیاسی اور وقتی مصلحتوں کے تحت کسی ظالم کے ظلم کو چھپایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے امریکی ایوان نمائندگان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف مواخذے کی دوقراردادیں منظور ہونے کا خیر مقدم کیاہے اورکہاہے کہ اختیارات کے ناجائز استعمال کے مواخذے کا رواج پڑناچاہیے کہ یہ جمہوریت کی روح ہے۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ اور دیگر رہنماؤں نے سید محمد کفیل بخاری کے چچا ڈاکٹر سید ابوذر بخاری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ہے۔