مسجد سے ہی امن و سلامتی اور انسانیت نوازی کی لُو پھوٹتی ہے: عبداللطیف خالد چیمہ
چیچہ وطنی( )مسجد سیدنا حسین (رضی اللہ عنہ)چک نمبر 11-22 ایل غازی آباد چیچہ وطنی کا سنگ بنیاد مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے دستِ مبارک سے رکھا ،حکیم محمد رفیق کی میزبانی میں منعقدہ سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ مسجد اللہ کی عبادت کا مرکز اور انسانوں کی بہترین تربیت گاہ ہوتی ہے،مسجد میں عقل کو وحی کے تابع ہونے کا درس دیا جاتا ہے اور مسجد سے ہی امن و سلامتی اور انسانیت نوازی کی لُو پھوٹتی ہے،انہوں نے کہاکہ جوں جوں اللہ کی عبادت کے ان مراکز کی مخالفت نے طوفان کھڑا کیا توں توں مساجد کی تعداد میں تیز ی سے اضافہ ہو رھاہے جو دن بدن بڑھتا جا رھاہے ،مجلس احرار اسلام کے مبلغ ختم نبوت مولانا محمد سرفراز معاویہ نے تقریب سنگ بنیاد سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مساجد خیر کے مراکز ہیں اور شر کی نفی مساجد سے ہی ہوتی ہے ، انہوں نے کہاکہ سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کے نام سے منسوب یہ مسجد عبادت کے ساتھ ساتھ تعلیم و تربیت اور ختم نبوت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں عبادت کے ساتھ ساتھ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے منصبِ رسالت و ختم نبوت کے لیے کام شفاعت نبو ی صلی اللہ علیہ وسلم کا ذریعہ بنے گا ،علاوہ ازیں مولانا محمد سرفراز معاویہ نے خطبۂ جمعتہ المبارک جامع مسجد صدیقیہ کمالیہ میں دیا اور فضائل رمضان المبارک اور عقیدۂ ختم نبوت کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔وہ آج قاری محمد قاسم کی معیت میں میاں چنوں کا تبلیغی دورہ کریں گے۔