لاہور(پ ر)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر سیدمحمد کفیل بخاری نے کہاہے کہ دینی مدارس اور مساجد کی قانون کے مطابق رجسٹریشن میں حائل رکاوٹوںکو دور کرنے کی بجائے اور زیادہ پیچیدہ اور ناقابل عمل بنادیاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ ایک طرف حکومت کہتی ہے کہ رجسٹریشن کرائی جائے دوسری طرف ناصرف یہ کہ رجسٹریشن نہیںکی جارہی بلکہ پر انی رجسٹریشن کی تجدید بھی نہیں کی جارہی ہے اور دینی مدارس کو اس کام میں ہراساں اورپریشان کیا جارہاہے ۔مرکزی دفترسے جاری اپنے بیان میں انہوںنے کہاہے کہ دینی مدارس اور مساجد کے منتظمین کو پریشان کرنے کا یہ عمل نواز شریف کے دور سے اب زیادہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہاہے اور موجودہ حکمران اس میں سبقت لے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالوں کے حصول میں رکاوٹیں ڈالنے کی منصوبہ بندی ہوچکی ہے تاکہ مدارس کے ذرائع آمدن محدود بلکہ ختم کردیئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ ملک کی دینی وسیاسی قیادت کو اس حوالے سے معلومات اکٹھی کرنی چاہئیں اور اپنا کرداراداکرنا چاہیے ۔سید محمد کفیل بخاری نے وفاق المدارس العربیہ اور تنظیمات مدارس دینیہ کی قیادت سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ رجسٹریشن اورقربانی کی کھالوں کے حوالے سے صورت حال کوکنٹرول کرنے میں اپنا کردار اداکریں ۔انہوںنے کہاکہ لوگ مہنگائی اورکرپشن کی چکی میں پس گئے ہیں اس لیے آج 13جولائی کو ہونے والی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کی جاتی ہے ۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت میں قادیانی اور دین دشمن لابیاں پہلے سے زیادہ متحرک ہیں اور سرکاری ادارے اسلام اوروطن دشمن لابیوں پر نظر نہیں رکھ رہے ۔جوانتہائی تشویش ناک ہے ۔