ملتان (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے نومنتخب امیرمرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے کارکنوں کے نام پیغام میں کہا ہے کہ اپنی نگاہیں جماعت کے نصب العین اور منزل پر رکھو، جماعت کے منشور میں غور و فکر کرتے رہو، دستور کی پابندی کرو اور باہمی مشاورت سے جماعتی زندگی کا سفر جاری رکھو، اجتماعی زندگی میں سستی و غفلت ہلاکت وبر بادی ہے، تھوڑا چلو لیکن سوچ سمجھ کر چلو، پھونک پھونک کر قدم اٹھاؤ اور تصادم سے ہر صورت بچو، بغیر مشاورت اور غور و فکر کے اگر برق رفتاری سے بھی چلو گے تو راستے میں ہی کچل دیے جاؤ گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کے کارکنوں کے درمیان باہمی احترام، اعتماد اور اتحاد بہر صورت باقی و برقرار رکھو، اختلاف رائے کا اظہار ہر کارکن کا دستوری حق ہے، لیکن اختلاف کو کبھی نزاع نہ بناؤ، بلکہ باہمی مشاورت اور محبت سے اس کا حل تلاش کرو۔ انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام ایک قومی و تاریخی امانت ہے، آپ کے تعاون سے ہم ہر طریقے سے اس امانت کی حفاظت کریں گے، اکابر احرار کے لگائے ہوئے پودے کو پانی دیتے رہیں گے، کسی قیمت پر شجر احرار کو سوکھنے نہیں دیں گے اور سرخ ہلالی پرچم احرار سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔ احرار کارکنو! آپ کی وفاؤں، آپ کی استقامت اور آپ کی پرخلوص جد و جہد کو صد ہزاراں سلام۔