لاہور(پ ر) رمضان المبارک کا مہینہ مسلمانوں پر رب تعالیٰ کی بڑی رحمت اور کرم نوازی ہے۔ماہ رمضان اللہ تعالیٰ کی رحمت، محبت، قربت، مغفرت اور رضا وخوشنودی حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ دوسرا عشرہ مغفرت طلب کرنے کا عشرہ ہے پوری امت کے لیے مغفرت مانگی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام پاکستان کے رہنماؤں، علماء کرام، خطباء عظام، ائمہ مساجد اور مبلغین نے اپنے اپنے خطبات جمعۃ المبارک اور بیانات میں کیا۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، نائب امیر سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری، مولانا محمد مغیرہ، قاری محمد قاسم بلوچ، مولانا قاری محمد ضیاء اللہ ہاشمی، مولانا محمد سرفراز معاویہ اور کئی دیگر احرار رہنماؤں، مبلغین نے اپنے اپنے خطبات جمعۃ المبارک اور بیانات میں کہا کہ مجلس احرار اسلام پوری دنیا میں تحریک ختم نبوت کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے اور ہمارے مراکز، مدارس اور مساجد ضروریات دین کو پوری کررہے ہیں۔ سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام ہمارا اوّلین نصب العین ہے اور ہم اس پر زندگی گزارنے کو نجات کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے مسجد ختم نبوت رحمن سٹی چیچہ وطنی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں عقیدہ ختم نبوت کا کام ستر گناہ زیادہ اجر وثواب کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ احرار رہنماؤں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور دفاع صحابہ کرامؓ جیسی تحریکوں میں شعور و ادراک کے ساتھ شامل ہو جائیں اور دنیا و آخرت کو سنوار لیں۔