لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری نے احرار کے ذونل آفس چیچہ وطنی میں ممتاز احرار رہنماء عبداللطیف خالد چیمہ سے تنظیمی و سیاسی اور جماعتی صورتحال پر تبادلہ خیال اور مشاورت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ موجودہ سیاسی کشمکش قیام ملک کے اصل مقصد (اسلامی نظام) کو فراموش کرنے کی وجہ سے ہے اور حکمرانوں اور اپوزیشن جس طرح دست و گریباں ہیں اس کی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے سب قومی سرمایہ سے ہو رہا ہے۔ نبیرہ امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری نے کہا کہ مجلس احرار اسلام اپنے نصب العین کی روشنی میں امت کی رہنمائی کا فریضہ ادا کرتی رہے گی چاہے اس کی کتنی ہی قیمت ہمیں کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سید عطاء اللہ شاہ بخاری، مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی،مفکر احرار چودھری افضل حق اور دیگر اکابرکے ساتھ ساتھ فرزندان امیر شریعت کی دی ہوئی امانت کے امین ہیں اور اس امانت کا حق یہ ہے کہ ہم اعلائے کلمۃ الحق سے کبھی پیچھے نہ ہٹیں گے اور توحید وختم نبوت، اسوہئ صحابہ کرامؓ کی روشنی میں امت کے اجماعی عقائد کا تحفظ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہم سودی ویہودی معیشت سے جان چھڑا لیں۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ سرمایہ دارانہ جمہوریت اور کیپیٹل ازم جیسے لادین نظام اللہ تعالیٰ کی مخلوق کا استحصال کرنے کا سبب بن رہے ہیں طاغوت اور باطل نظاموں سے چھٹکارا حاصل کر کے اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنے کی جد وجہد کی ترغیب دینا ہمارا مقصد حیات ہے۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے سود کے خلاف فیصلے پر جن بنکوں نے اپیل دائر کی ہے ان کا بائیکاٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے حق میں مشترکہ جدجہد کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔