مجلس احراراسلام پاکستان کے امیرمرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری، سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ،نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے کہاہے کہ اگر قیام ملک کے وقت کے وعدے یعنی اسلامی نظام نافذ کردیاجاتا توملک کی جغرافیائی ونظریاتی سرحدیں محفوظ رہتیں اور سقوط ڈھاکہ جیساسانحہ پیش نہ آتا۔16دسمبر یوم سقوط ڈھاکہ کے حوالے سے قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے کہاکہ یہ خطہ طویل قربانیوں کے بعد حاصل کیاگیاتھا لیکن اس کے اقتدار پر براجمان رجیم نے اس کو حاصل کرنے کے مقاصد سے پوری طرح انحراف برتااوروعدوں کے مطابق قرآن وسنت کا نظام نافذنہ کیاگیاجس کی وجہ سے مشرقی پاکستان میں نفرتوں کے بیج بوئے گئے اور آخر کار سقوط ڈھاکہ جیساسانحہ رونماہوا۔عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاکہ مشرقی پاکستان میں مغربی پاکستان کیخلاف نفرتیں ابھارنے میں قادیانیوں نے اپنا مکروہ کردار اداکیااور اس کا تذکرہ شہید پاکستان مولوی فریداحمد نے اپنی کتاب میں بھی کیاہے۔سید محمد کفیل بخاری نے کہاکہ اکھنڈبھارت کا نام نہاد الہامی عقیدہ رکھنے والی قادیانی جماعت اب بھی اکھنڈبھارت کے لیے سازشیں کررہی ہے اور یہ سب کچھ امریکی وصہیونی ایجنڈے کے مطابق ہورہاہے تاکہ ایک ماڈل اسلامی ریاست وجود میں نہ آجائے۔میاں محمد اویس نے کہاکہ ملکی وحدت کو قائم رکھنے کے لیے علاقائی ونسلی تعصبات سے بالاتر ہوکر پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ نظریہ اسلام اور نظریہ پاکستان آپس میں لازم وملزوم ہیں۔انہوں نے کہاکہ فرقہ واریت اورطبقہ واریت سے جان چھڑانے کا ایک ہی راستہ ہے اوروہ ہے اللہ کی دھرتی پر اللہ کا نظام قائم کرنا۔
مجلس احر اراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں نے سانحہ اے پی ایس کے دن کی مناسبت سے کہاہے کہ انتہائی دکھ اور کرب کی بات ہے کہ نونہالان قوم کو گاجرمولی کی طرح کاٹاگیااور قوم کے معماروں نے اس قسم کے سانحات کی اصل وجوہ تلاش کرنے کی کوشش نہیں کی۔رہنماؤں نے کہاکہ بے گناہ انسانوں اورمعصوم جانوں کا قتل،قتل ناحق ہے یہ پوری انسانیت کا قتل ہے اس قسم کے گھمبیرمسائل سے نجات کا واحد راستہ بانی پاکستان محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق ملک میں اسلام کاعادلانہ نظام کا نفاذہے۔انہوں نے کہاکہ سیکولر انتہاپسندی اورسیاسی انارکی نے ملک کی سیاسی واقتصادی جڑیں کھوکھلی کرکے رکھ دی ہیں اور حصول اقتدار کی کشمکش نے ملک کو تباہی کے دہانے پرلاکھڑاکیاہے۔علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمرفاروق احرارنے بتایاہے کہ مجلس احرار اسلام کا 90سالہ یوم تاسیس ملک بھر میں جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائیگا اور احراری روایات کے مطابق پرچم کشائی کی تقریبات بھی ہوں گی۔