ملتان (پ ر) نفاذ اسلام کیلئے برصغیر پاک و ہند میں اکابرین امت نے بڑی خدمات سرانجام دی ہیں ۔ تحریک پاکستان، تحریک ختم نبوت اور تحریک نفاذ اسلام کیلئے عظیم جدوجہد اور کاوشیں بھی اکابرین امت نے کی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی نائب امیر مولانا سید محمد کفیل بخاری نے ادارہ علوم دینیہ اشاعت القرآن میں تکمیل قرآن مجید کی تقریب سے خطاب کرتے ھوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کے نظام میں ہی ملک و ملت کی فلاح و کامیابی ھے، وطن عزیز پاکستان کا قیام صرف اور صرف نفاذ اسلام کیلئے تھا۔ اکابرین احرار اور دیگر قائدین نے اسی عظیم مقصد کیلئے آخری دم تک جدوجہد کی اور آج بھی اکابرین احرار اسی مقصد کے حصول کیلئے پرامن آئینی و قانونی جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہے، مگر تب سے اب تک بدقسمتی سے ہم پر ایسے حکمران مسلط ھوتے رہے اور ہیں جنہیں اسلام سے ذرہ برابر بھی لگاؤ اور دلچسپی نہ تھی، انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اور وطن عزیز پاکستان کے تمام تر مسائل کا حل قرآن و سنت پر عمل کرنے میں مضمر ھے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید عطاءاللہ ثالث بخاری نے جامع مسجد کرنالوی میں خلیفہ و امام ششم، خلیفہ راشد، امیرالمومنین سیدنا امیر معاویہ سلام اللہ علیہ کی سیرت و کردار کے موضوع پر خطاب کرتے ھوئے کہا کہ حضرت امیر معاویہ سلام اللہ علیہ کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ھے، آدھی دنیا سے زائد حصے پر بیس سال تک عدل و انصاف کا پرچم بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ خلیفہ و امام پنجم حضرت سیدنا حسن بن علی سلام اللہ علیھم نے سیدنا امیر معاویہ سلام اللہ علیہ کی بیعت کر کے سازشوں کا قلع قمع کردیا، حضرت امیر معاویہ سلام اللہ علیہ کاتب وحی اور جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کے معتمد خاص اور مسلمانوں کے ماموں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 رجب المرجب یوم وفات سیدنا امیر معاویہ سلام اللہ علیہ پر حکومت عام تعطیل کا اعلان کرے اور خلفائے راشدین سمیت سیدنا امیر معاویہ سلام اللہ علیہ کے ایام سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے۔ سید محمد کفیل بخاری اور سید عطاءاللہ ثالث بخاری نے 4 مارچ بروز بدھ بعد نماز مغرب دار بنی ھاشم اور 6 مارچ بروز جمعہ بعد نماز مغرب اسٹیڈیم قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان میں منعقدہ ختم نبوت کانفرنسز میں اہل اسلام اور شمع رسالت کے پروانوں کو بھرپور انداز میں شرکت کی دعوت دی۔ا دونوں تقریبات میں مجلس احرار اسلام ملتان کے امیر مولانا محمد اکمل، قاری عبدالناصر صدیقی، مفتی محمد قاسم، فرحان حقانی، سعید احمد انصاری، حافظ شاکر خان خاکوانی، محمد عباس، محمد مہربان بھٹی، شیخ محمد ظفر اقبال سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی