لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماء مولانا قاری محمد یوسف احرار گزشتہ روز انتقال کر گئے نماز جنازہ 5مئی منگل (آج) 8بجے صبح جامع مسجد ختم نبوت چندرائے روڈ لاہور میں ادا کی جائے گی۔1970ء کی دھائی میں قاری محمد یوسف احرار جانشین امیر شریعت سید ابو معاویہ ابوذر بخاری مرحوم کے ذریعے احرار سے وابستہ ہوئے اور زندگی بھر عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی جدوجہد میں مصروف عمل رہے انہوں نے تیس سال تک مسجد ربانی اکرم آباد والٹن لاہور میں خدمات انجام دیں اور 2008میں چندرائے روڈ ریس کورس ٹاؤن میں مدرسہ ابی بن کعب ؓ اور جامع مسجد ختم نبوت کی تعمیر کاآغاز کیا جو اب ایک مرکز کے طور پر زیر تکمیل ہے۔بتایا گیا ہے کہ مرحوم کی پہلی نماز جنازہ بستی پروچڑاں ظاہر پیر ضلع رحیم یار خان میں گزشتہ شام ان کے فرزند وجانشین حافظ محمدصفوان یوسف نے پڑھائی جب کہ آج صبح 8بجے دوسری نماز جنازہ مدرسہ ابی بن کعب جامع مسجد ختم نبوت چندرائے روڈ لاہور کے قریب گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی جو حافظ سید محمد معاویہ بخاری پڑھائیں گے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری،نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ، ملک محمد یوسف، ڈاکٹر شاہد محمود کاشمیری، سید عطاء اللہ شاہ ثالث، سیکرٹری جنرل مولانا محمد مغیرہ، حاجی عبدالکریم قمر، ڈاکٹر محمد عمر فاروق احرار، میاں محمد اویس، سید عطاء المنان بخاری،مولانا تنویر الحسن احرار، ڈاکٹرمحمد آصف، حافظ محمد ضیاء اللہ ہاشمی، مولانا محمد اکمل، قاری محمد قاسم بلوچ، مولانا محمد سرفرازمعاویہ اور دیگررہنماؤں نے مشترکہ تعزیتی بیان میں قاری محمد یوسف احرارؒ کی نصف صدی سے زائد دینی وتحریکی اور جماعتی خدمات پرشاندار الفاظ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم ایک دیرینہ مشفق ساتھی اور رہنماسے محروم ہو گئے ہیں اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔