لاہور (پ ر)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اپنے وفد کے ہمراہ دار بنی ہاشم ملتان میں سید محمد کفیل بخاری،سید عطاء المنان بخاری اور دیگر احرار رہنماؤں سے ملاقات کرکے قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ سید عطاء المہیمن بخاری اپنے عظیم باپ کے عظیم بیٹے تھے اور عمر بھر والد کے نقش قدم پر چلے۔ انہوں نے کہا کہ امیر شریعت سید عطاءاللہ شاہ بخاری نے فرنگی سامراج کو ہندوستان سے نکال باہر کیا اور فرزندان امیر شریعت نے امریکی سامراجی قوتوں کے خلاف جو شاندار کردار ادا کیا وہ تاریخ میں امر ہو گیا۔ ختم نبوت اکیڈمی کے ڈائریکٹر اور عالمی مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالرحمن یعقوب باوا نے مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ کو فون کر کے سید عطاء المہیمن بخاری کے انتقال پر ملال پر گہرے غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر قادنیوں کے تعاقب کی تحریکیں فرزندان امیر شریعت اور مجلس احرار اسلام کی جد وجہد کی مرہون منت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے تمام علماء کرام اور مسلمان حضرت پیر جی سید عطاء المہیمن بخاری کے لیے دعاء گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں آقائے نامدار صلی اللہ علیہ وسلم کے قدمین شریفین میں جگہ عطاء فرمائیں۔ انہوں نے کہاکہ ربوہ میں 27فروری 1976ء کو قادیان کی طرح احرار نے سب سے پہلے داخل ہوکر جو معرکہ سر کیا تھا،سید عطاء المہیمن بخاری نے اس کو اپنے خون سے سینچا ہے اور یہ صدقہ جاریہ قیامت تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے علمائے کرام مجلس احرار اسلام اور خانوادہ امیر شریعت کے غم میں برابر کے شریک ہیں،رانا عبدالرؤف (پیرس) نے عبداللطیف خالد چیمہ اور سید عطاء المنان بخاری کو فون کرکے تعزیت کا اظہار کیا۔ سنی علماء کونسل پنجاب کے صدر مولانا محمد اشرف طاہر، سیکرٹری جنرل حافظ حسین احمد نے مرکزی دفتر احرار لاہور میں قاری محمد قاسم بلوچ سے ملاقات کرکے قائد احرار کی دینی اور ملی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ حضرت شاہ صاحب نے جن محا ذوں پر کام کیا وہ انکے لیے صدقہ جاریہ رہے گا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر سید ذیشان اختر (بہاولپور)اور مولانا حبیب الرحمن (ناظم جامعہ باب العلوم کہروڑ پکا) نے دار بنی ہاشم میں احرار رہنماؤں سے تعزیت کا اظہار کیا اور حضرت پیر جی کے اسلوب و فکر پر قائم رہنے کی دعائیں دیں۔