لاہور (پ ر) طالبان نے امریکن ایمپائر کو افغانستان سے نکلنے کے لیے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا،افغانستان کی اس واضح کامیابی کا راز صرف اور صرف اللہ وحدہ لاشریک پر بھروسہ تھا اور امید کرتے ہیں کہ وہ اسی بھروسے پر اپنی کمزوریوں کو بھی جلد دور کرکے ایک مضبوط اور طاقتور قوم بن کر ابھریں گیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری نے دوروزہ دورہ لاہور کے دوران دفتر احرار میں کیا۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ افغان طالبان نے جہاد فی سبیل اللہ اور مذاکرات کے ذریعے سے بہت ہی بڑی کامیابی حاصل کی جس کی وجہ سے امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند ہوا لیکن وہ مسلسل بیس سال تک حالت جنگ میں رہنے کی وجہ سے مالی طور پر کمزور ہوئے ہیں جس کی وجہ سے طاغوتی قوتیں ان پر گھات لگا ئے بیٹھی ہیں ان حالات میں غیر مشروط طور پر افغانستان کے ساتھ تعاون کرنامسلم ہمسایہ ہونے کا ناطے سے پاکستان کا اخلاقی فرض ہے۔انہوں نے جامع مسجد خضراء لاہور میں مختلف مکاتب فکر کے مشترکہ اجلاس کے فیصلوں سے اتفاق کرتے ہوئے مکمل تائید و حمایت کا اعلان بھی کیا ہے اور اس امر کو خوش آئند قرار دیا ہے کہ 22دسمبر بدھ کو لاہور میں جمعیت علماء پاکستان کے رہنماء قاری محمدزواربہادر کی میزبانی میں آل پارٹیز سیمینار ہو گا جس میں امارت اسلامی افغانستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔