لاہور(پ ر) مجلس احراراسلام پاکستان کے شعبہ تبلیغ تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام مرکزی دفتر نیومسلم ٹاﺅن لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید محمد کفیل بخاری اور عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاہے کہ غیر مسلموںکو دعوت اسلام کے فریضے کے لیے تمام مکاتب فکر کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ قادیانی فتنہ اسلام سے متصادم ہے لیکن قادیانی اپنی متعینہ حیثیت کو تسلیم کرنے کی بجائے چیلنج کررہے ہیں۔اس موقع پر شعبہ دعوت وارشاد کے ناظم ڈاکٹر محمد آصف کی تبلیغ سے قادیانیت ترک کرکے مسلما ن ہونے والے ماہر تعلیم پر وفیسر طاہر احمد ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دعوت الی اللہ کاکام جاری رکھاجائے ،ہماراکام تبلیغ کرنا ہے دلوں کوموڑ نا اللہ پاک کا کام ہے تبلیغ کے لیے لہجہ نہایت نرم وشائستگی والا ہوکیونکہ متشدد رویے نے بہت نقصان دیاہے۔ انہوںنے کہاکہ انسان کے غلط عقیدہ سے نفرت ہونی چاہیے انسان سے نہیں ۔نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا اسلوب تبلیغ اپنانا ہوگا ،نفرت کو مٹائیں اور محبت کو پروان چڑھائیں لوگ خودبخود آپ کے پاس کھینچے چلے آئیں گے، انہوںنے کہا کہ قرآن وحدیث سے دور ی کی وجہ سے ہم تفرقہ بازی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے غیر مسلموں کا اسلام میں داخلہ بند ہوگیاہے، غیرمسلموںسے محبت کا رشتہ استوار کریں اور محبت اور دلیل کے ساتھ نرمی سے گفتگو کریں، مومن بزدل نہیںہوتا اللہ پر بھروسہ کرتاہے، اور مشکل حالات میں گھبراتانہیں انہوں نے کہاکہ علماءکرام اور اہل حق کے ساتھ منسلک رہ کررہنمائی حاصل کرنی چاہیے ۔