لاہور (پ ر) شہید ناموس رسالت ﷺ غازی علم الدین شہید کا”یوم شہادت“ملک کے طول و عرض میں منایا گیا۔ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے اس مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غازی علم الدین شہید نے سید عطاء اللہ شاہ بخاریؒ کی تقریر سے متأثر ہو کر گستاخ رسول ﷺ (راج پال) کا سر قلم کر دیا اور خود امر ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ غازی شہید نے پہلے شہید ختم نبوت سیدنا حبیب ابن زید انصاریؓ اور شہدائے جنگ یمامہ کی تقلید میں جان تو دے دی لیکن ناموس رسالتﷺ پر آنچ نہ آنے دی۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ غازی علم الدین شہید کے وکلاء نے غازی سے کہا کہ آپ عدالت میں یہ کہہ دیں کہ راج پال کو قتل کرتے وقت میرے اوسان درست نہ تھے تو ہم آپ کو بچا لیں گے تاریخ گواہ ہے کہ اس پر غازی نے جو جملہ کہا وہ بھی امر ہو گیا”میرے اوسان درست ہونے کی دلیل بھی یہ ہے کہ میں نے گستاخ رسولﷺ کو واصل جہنم کیا“۔ انہوں نے کہا کہ پوری تاریخ اسلام شہدائے ختم نبوت سے بھری پڑی ہے اور یہ جد وجہد قیامت تک جاری و ساری رہے گی۔