لاہور (پ ر) مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے تمام مکاتب کے علماء کرام، خطباء عظام، مبلغین اور ائمہ مساجد سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ آج جمعۃ المبارک کے خطبات میں وقف املاک ایکٹ کی تفصیلات سے لوگوں کو آگاہ کریں اور وقف املاک ایکٹ کے نقصانات کی نشاندہی کریں تاکہ عوام الناس میں بیداری ا ور شعور پیداہو اور عوام الناس خودمیدان عمل میں آکر اس کو مسترد کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام خطباء کرام عوام الناس سے مشاورت کرکے رہنمائی دیں تاکہ عوام کی طاقت کے آگے حکمران گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوکر اپنے جاری کردہ وقف املاک ایکٹ کو واپس لیں۔ انہوں نے تمام خطباء عظام سے یہ بھی اپیل کی ہے وہ عوام الناس سے اجتماعی طور پر توبہ واستغفار کرائیں تاکہ اللہ تعالیٰ معافی و درگزر کا معاملہ فرما دیں اور لوگو ں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے لیے زور دیں۔ علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام لاہور کے سیکرٹری جنرل قاری محمد قاسم بلوچ نے بتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے غیر مسلموں کے اسلام میں داخلے کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے،حال ہی میں قادیانیت کو ترک کرنے والے محمد صوت (جو لاہور ہی کا رہائشی ہے)کلمہ اسلام پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوا۔ جس کی خوشی میں ایوان احرار نیومسلم ٹاؤن لاہور میں ایک تقریب منعقدکی گئی جس میں جامعہ فتحیہ کے استاد الحدیث، مفتی مختار الدین شاہ کے خلیفہ مجاذ،ولی کامل، مفتی عبدالرحمن ثانی نے محمد صوت کو کلمہ پڑھا کر قادیانیت سے توبہ کرائی۔ اس موقع پر میاں محمد اویس،قاری محمد قاسم بلوچ، چوھدری محمد مدثر اکرام،ڈاکٹر ضیاء الحق قمر، قاری عبدالعزیز یوسف،بھائی محمد عامر اعوان اور دیگر احرار کارکن بھی موجود تھے۔