مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیرسید محمدکفیل بخاری نے کہاہے کہ علماءاور مسلمان پوری دنیامیں دہشت گردی کا شکار ہیں ان کودہشتگرد کہنے والے خود دہشتگردی کے معاون ہیں ۔ملتان سے لاہورآتے ہوئے چیچہ وطنی میں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ سے ملاقات اورمشاورت کے بعد اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی کے قافلے پرحملے کے ملزموں کو پکڑنے یاسزادینے کی بجائے بچانے کی کوشش کی جائے گی اور کچھ عرصے کے بعد اس اندوہناک واقعے کو داخل دفتر کرکے سرد خانے کی نظر کردیاجائے گا ۔انہوںنے کہاکہ اہل حق کے تمام طبقات کو مل بیٹھ کرکوئی مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے ۔عبداللطیف خالدچیمہ نے کہاکہ 23مارچ کا دن ہمیں تحریک پاکستان میں دی جانے والی قربانیوں کی یاد دلاتاہے انہوںنے کہاکہ قرارداد پاکستان سے لیکر قراردادمقاصد تک ایک پوری تاریخ ہے جوہم سے مطالبہ کرتی ہے کہ ہم قیام ملک کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے سنجیدہ ہوجائیں ،انہوںنے کہاکہ مصور پاکستان اور بانی پاکستان کی فکر کے مطابق جب تک اس ملک میں اسلامی نظام نافذ نہ ہوگا امن قائم نہیں ہوسکتا ۔انہوںنے کہاکہ تحریک پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لیے تمام مکاتب فکر نے جو 23نکاتی دستوری خاکہ طے کیاتھا اس کودوبارہ بنیادبناکر اسلامائزیشن کی جدوجہد کو ازسر نومنظم کرنے کی ضرورت ہے ۔سید محمد کفیل بخاری اورعبداللطیف خالدچیمہ نے جمعیت علماءاسلام کی طرف سے31مارچ کوسرگودھا میں تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت ملین مارچ کا اعلان کیاہے ۔