عالمی سامراج کے مقابلے کے لئے مسلمانوں کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا: عبداللطیف خالد چیمہ
جامع مسجد مدینہ مسلم کالونی کچاشیخوپورہ روڈ گوجرانوالہ میں دوروزہ ختم نبوت کورس کے شرکاء سے مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ،شبان ختم نبوت پاکستان کے امیر مولانا انیس احمد شاہ ،انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پنجاب کے صدر قاری احمد علی ندیم ،سابق قادیانی رہنما بھائی شمس الدین اورشبان ختم نبوت پاکستان کے مرکزی ناظم تبلیغ مولانامنیراحمدعلوی نے خطاب کیا اور عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت وفضیلت پرروشنی ڈالی ۔عبداللطیف خالدچیمہ نے کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلیمہ کذاب کے کارندوں کے ہاتھوں پہلے شہیدختم نبوت سیدنا حبیب ابن زیدؓ ہیں جنہوں نے اپنے ہاتھ اور دونوں پاؤں کٹواکر شہادت کی منزل پائی لیکن مسلیمہ کی نبوت ماننے سے انکاری رہے انہوں نے کہاکہ خلافت صدیقی کے ریاستی فرمان کے ذریعے مسلیمہ کذاب کے فتنہ ارتداد کے خلاف لشکر روانہ ہوااورلشکر نے اس فتنے کا قلع قمع کیاجبکہ قادیان میں 1934ء میں قافلہ احرار داخل ہوا اورامیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری مرحوم کی قیادت میں پہلی بار ہندوستان میں فتنہ قادیانیت کو بے نقاب کیاگیا کہ جس کی بازگشت پوری دنیا تک پہنچی ۔انہوں نے کہاکہ فتنو ں کے قلع قمع اورلڑائی کے ہتھیار بدل گئے آج میڈیا ،لابنگ اور اشکالات دورکرنے کادور ہے اس لیے ہمیں بھی اپنے پرانے طریقے پر غور کرکے نئی صف بندی کرنی چاہیے ،انہوں نے کہاکہ شہداء ختم نبوت 1953ء کا خون رنگ لایا اور 7ستمبر 1974ء کو بھٹومرحوم کے ہاتھوں قادیانی غیرمسلم اقلیت قرارپائے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام مکاتب فکر یکجان ہوکر شہداء ختم نبوت کے مشن کو آگے بڑھائیں اورآئینی جدوجہدکو تیزتر کردیں ۔انہوں نے کہاکہ آج کے دورکا سب سے بڑا طاغوت امریکہ ہے جومسلمانوں کو ہرسطح پر کمزور کرنے کے لیے لگاہواہے ۔