لاہور (پ ر) تحریک تحفظ ختم نبوت اورمجلس احراراسلام پاکستان کے رہنماوں نے اجتماعات جمعۃ المبارک سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ مارچ1953ء کے شہداء ختم نبوت کے مقدس خون کے صدقے پاکستان قادیانی ریاست بننے سے محفوظ رہاجبکہ عالمی قوتیں پاکستان کے آئین سے اسلامی دفعات کو ختم کروانے کے لیے تسلسل کے ساتھ کوشاں ہیں۔انہوں نے کہاکہ قادیانی اپنی متعینہ اسلامی اور آئینی حیثیت کونہ مان کرریاست کو مسلسل چیلنج کررہے ہیں یہ صورت کسی صورت بھی قابل قبول نہیں،اس لیے قانون نافذ کرنے والے ریاستی اداروں کو قانون کے نفاذ کے لیے اپناکردار اداکرنا چاہیے۔ سید محمد کفیل بخاری، سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری، سید عطاء المنان بخاری،مولانا محمد مغیرہ،مولانا تنویر الحسن احرار اور دیگر خطباء نے اپنے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ مجلس احرار اسلام آخری قادنی کے مسلمان ہونے تک اپنی دعوتی جد و جہد کو جاری رکھے گی تمام خطباء نے قائد احرار حضرت پیر جی سید عطاء المہیمن بخاری مرحوم کی تحریک نفاذ اسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے لیے تمام عمرکی قابل رشک جد وجہد کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ حضرت امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری رحمہ اللہ کی وفات کے بعد آپ کے بیٹوں نے آپ کے مشن کو زندہ رکھا اور ہر ایک نے دین متین کے لیے گرانقدر خدمات کو سر انجام دیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت امیر شریعت کے تمام بیٹوں کی دینی و ملی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔