لاہور (پ ر) تحریک ختم نبوت کے ممتاز رہنما اور مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ مولانا سید عطاء المہیمن بخاری کی نماز جنازہ اتوار کے دن 11بجے کے بعد قلعہ کہنہ قاسم باغ ملتان کے وسیع وعریض اسٹیڈیم میں ادا کر دی گئی جو ان کے فرزند مولانا سید عطاء ا لمنان بخاری نے پڑھائی۔ جس کے بعد آہوں اور سسکیوں کے ساتھ ان کے جسد خاکی کو جلال باقری قبر ستان میں مرحوم کے بھائی مولانا سید عطاء ا لمومن بخاری کے پہلومیں سپر دخاک کر دیا گیا۔نماز جنازہ میں ملک بھر سے ہزاروں افراد، مرحوم کے عقیدت مندوں اور احرار وختم نبوت کے کارکنوں کے علاوہ ممتاز دینی وسیاسی شخصیات نے شرکت کی۔نماز جنازہ میں خانقاہ سراجیہ کے سجادہ نشین خواجہ خلیل احمد، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے نائب امیر مولانا پیر حافظ محمد ناصر الدین خان خاکوانی، مولانا اللہ وسایا، کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ و اہلبیت کے کنوینر مولانا عبدالروف فاروقی، انٹر نیشنل ختم نبوت موو منٹ پاکستان کے امیر مولانا محمد الیاس چنیوٹی، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا مفتی محمد حسن، مولانا عتیق الرحمن ہزاروی، مولانا حبیب الرحمن درخواستی،مولانا زبیر احمد صدیقی، مولانا بشیر احمد شاد، علامہ خالد محمود ندیم، مولانا قاضی محمد ارشد الحسینی، مخدوم جاوید ہاشمی، ڈپٹی کمشنر ملتان محمد عامر خٹک، مولانا ظفر احمد قاسم، مولانا عبدالکریم ندیم، مولانا منیر احمد منور، مولانا فضل الرحمن درخواستی،مولانا عمر فاروق اصغر،سید محمد معاویہ بخاری، سید عطاء اللہ ثالث بخاری، قاری محمد یوسف احرار، مولانا زاہد محمود قاسمی مولانا تنویر الحسن احرار، مولانا محمد مغیرہ، مولانا جمیل الرحمن بہلوی،ڈاکٹر محمد عمر فاروق احرار سمیت بہت بڑی تعداد میں ممتاز دینی شخصیات نے شرکت کی۔ نماز جنازہ سے قبل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، مولانا عبدالروف فاروقی، مولانا اللہ وسایا، مولانا محمد الیاس چنیوٹی، قاضی محمد ارشد الحسینی اور دیگر نے تعزیتی خطاب کرتے ہوئے قائد احرار مولانا سید عطاء المہیمن بخاری کی دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے والد گرامی اور اکابر احرار کی طرح جرأت و استقامت کے ساتھ جو بے داغ کردار ادا کیا اس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ فرزند انِ امیر شریعت نے تحریک ختم نبوت کو پروان چڑھایا اور اپنے نہ جھکنے والے اسلوب کو اگلی نسلوں تک منتقل کیا، مجلس احرار اسلام پاکستان کے نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ سید عطاء المہیمن بخاری نے تحفظ ختم نبوت کے لیے پچاس سال سے زائد تک قربانیاں دیں اورقیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ربوہ میں پہلے عالمی اسلامی تبلیغی مرکز کو قائم کیا جس کی بہاریں چار سُو پھیل چکی ہیں۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سید عطاء المہیمن بخاری کے مشن کو ہر حال میں جاری و ساری رکھا جائے گا اور احرار اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرچم ختم نبوت کبھی سر نگوں نہ ہوگا۔ علاوہ ازیں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمن، مولانا محمد مکی حجازی (مکہ مکرمہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار، وزیر مملکت ملک محمد عامر ڈوگر، سابق گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ ایڈووکیٹ، سابق صوبائی وزیر حافظ محمد اقبال خان خاکوانی، مولانا محمد الیاس گھمن، مولانا محمد احمد لدھیانوی، سید منیر احمدشاہ بخاری (جرمنی) محمد اسلم علی پوری(ڈنمارک) شیخ عبدالواحد (گلاسگو)، مولانا محمد رفیق جامی،مجلس احرار اسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے مبلغین سمیت متعدد رہنماؤں نے سید عطاء المہیمن بخاری کے انتقال پُر ملال پر تعزیت کا اظہار کیا اور قائد احرار کی طویل خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی۔دار بنی ہاشم ملتان میں خانوادہ امیر شریعت اور احرار رہنماؤں سے تعزیت کرنے والوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔مجلس احرار اسلام ملتان کے میڈیا ایڈوائزر فرحان حقانی نے بتا یا ہے کہ 25فروری کو دار بنی ہاشم ملتان میں قائد احرارمولانا سید عطاء المہیمن بخاری کی یاد میں تعزیتی ریفرنس اور شہداء ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوگی۔جس میں تمام مکاتب فکر کے سرکردہ رہنما شرکت و خطاب کریں گے۔