ملتان (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر سید عطاء المہیمن بخاری نے کہا ہے کہ اللہ کی عبادت، رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت اور مخلوق کی خدمت مجلس احرار اسلام کا نصب العین ہے۔ ملکی سیاست میں بد عنوانی اور جھوٹ کا فروغ تشویشناک ہے۔ دینی قوتوں کو کچلنا مغربی ایجنڈا ہے۔ عالمی قوتیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہی ہیں۔ حکمران قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیں۔ قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری ، داربنی ہاشم میں مجلس احرارِ اسلام کے ۸۷ویں یوم تاسیس کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری نے قومی پرچم اور مجلس احرار کا پرچم لہراتے ہوئے کہا کہ مجلس احرارِ اسلام نے انگریز سامراج سے آزادی کی جنگ لڑی اور بے پناہ قربانیاں دیں۔ انھو ں نے کہا کہ ۷۰؍سال سے ملک کے اقتدار پر مفاد پرست سیاست دان قابض ہیں۔ ۱۹؍سال بعد ملک سنوارو، قرض اتارو،مہم کا پیسہ واپس کرنا قوم کے خلوص سے بدترین مذاق ہے جبکہ وطن آج بھی قرضوں کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے۔ قوم آئندہ انتخابات میں دیانت دار قیادت کو منتخب کرے۔
مجلس احرارِ اسلام کے مرکزی نائب امیر سید محمد کفیل بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیانیوں سمیت تمام غیر مسلموں کو اسلام کی دعوت دینا ہمارا فطری و دینی حق ہے۔ مجلس احرارِ اسلام امن کی داعی جماعت ہے۔ دہشت گردی اور عدم تحفظ ملک کی ترقی و استحکام کے راستے کی رکاوٹ ہے۔ اسلام، امن کا دین ہے۔ جب تک مخلوق میں خالق کا نظام نہیں چلایا جائے گا، امن قائم نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اسلام کی دعوت انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہے۔ سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ مجلس احرار اسلام اتحادِ امت کی داعی جماعت ہے۔ مسلمانوں کے تمام مسالک کے لیے احرار کے دروازے کھلے ہیں۔ فرقہ واریت، دہشت گردی اور بدعنوانی معاشرے کے ناسور ہیں۔
حکمران آئین پر عمل کر کے پاکستان کو مضبوظ و مستحکم اسلامی ملک بنائیں۔
تقریب سے سید عطاء المنان بخاری، مولانا محمد اکمل، عدنان ملک اور فرحان حقانی نے بھی خطاب کیا۔