لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے حکومت کی طرف سے اسلامی بنکنگ نظام لانے اور سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف نیشنل بنک اور اسٹیٹ بنک کی طرف سے دائر کی گئیں اپیلیں واپس لینے کا خیر مقدم کیا ہے۔ امیر احرار سید محمد کفیل بخاری اور نائب امیر عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے آنے والا یہ اعلان خوش آئند ہے لیکن جب تک عملی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے تب تک ہم خوش فہمی میں نہ رہیں۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کا ایک غیر رسمی اجلاس دار بنی ہاشم ملتان میں امیر احرار سید محمد کفیل بخاری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں عبداللطیف خالد چیمہ، ڈاکٹرعمر فاروق احرار، سید عطاء المنان بخاری، مولانا تنویرالحسن احرار، ڈاکٹر محمد آصف، مولانا محمد سرفراز معاویہ اور فرحان حقانی نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں عبداللطیف خالد چیمہ نے تحریک انسداد سود کے کنوینر مولانا زاہد الراشدی، جماعت اسلامی کے نائب امیرڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ملی مجلس شرعی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امین سمیت مختلف راہنماؤں سے رابطہ کرکے سود کے خلاف پہلے باضابطہ سرکاری اعلان پر دینی رہنماؤں کی جد وجہد کو خراج تحسین پیش کیااور مختلف رہنماؤں کو مبارک باددی۔ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے بھی سود کو ختم کرنے کے حوالے سے سرکاری اعلان کا خیر مقدم کیاہے اور کہاہے کہ پون صدی کے بعد سودی و یہودی معیشت کے خاتمے کے حوالے سے جواعلان سامنے آیا ہے اس کو مقررہ مدت کے اندر نافذ کیا جائے اور سودی و یہودی معیشت سے ہمیشہ کے لیے جان چھڑا لی جائے، ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے تمام مکاتب فکر کے دینی رہنماؤں، علماء کرام، خطباء عظام اور ائمہ کرام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ آج خطبات جمعۃ المبارک میں سودی معیشت کے خاتمے کے اعلان کا خیر مقدم کریں اور اس پر اظہار تشکر کریں۔دریں اثناء عبداللطیف خالد چیمہ آج جمعۃ المبارک کو ساہیوال جائیں گے اور شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید تونسویؒ کے انتقال پر ملال پر ان کے لواحقین سے تعزیت کریں گے۔