لاہور(پ ر) مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ نے وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فوادچودھری کی جانب سے آنجہانی قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام کو ہیرو اور مشنری مین قرار دینے کے حوالے سے اپنے ردعمل میں اسے حقیقت کے برعکس قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں اس کی مذمت کی ہے اورکہاہے کہ ڈاکٹر عبدالسلام نے وطن عزیز کے ایٹمی راز امریکہ کو فراہم کرکے امریکہ کا حق الخدمت ادا کیا اور اس بات کا حوالہ سابق بیوروکریٹ زاہد ملک نے اپنی کتاب اسلامی بم اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان میں دیاہے،اس کے علاوہ ڈاکٹر عبدالسلام نے پاکستان کو لعنتی ملک قرار دیتے ہوئے ایک سائنسی کانفرنس میں شرکت کرنے سے یہ کہہ کر انکار کیاتھا کہ ”میں ایسے لعنتی ملک پر قدم نہیں رکھنا چاہتاجہاں کی پارلیمنٹ نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قراردیا ہو“۔عبداللطیف خالدچیمہ نے لاہور سے چیچہ وطنی روانگی سے قبل اپنے بیا ن میں کہاکہ آئین وقانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کی بجائے ان کیخلاف سازشوں کو آگے بڑھایاجارہاہے اور آئین کی اسلامی دفعات خصوصاًقانون توہین رسالت اور قانون تحفظ ختم نبوت کو غیر مؤثر یا ختم کرنے کے لیے طویل دورانیے والی خطرناک سازشیں ہورہی ہیں لیکن نامساعد حالات کے باوجود یہ سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے لاہور میں بم دھماکے اور امن وامان کی صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اورکہاکہ موجودہ سیاسی انتہاپسندی اورکرپشن نے ملک کا دیوالیہ کرکے رکھ دیاہے ایسے میں سودی معیشت سے نجات اور اسلامی نظام کا مکمل نفاذہی ہماری دنیا وآخرت کی ضمانت فراہم کرسکتاہے۔