لاہور (پ ر)مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں،علماء کرام، خطباء عظام اور مبلغین نے اپنے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ ناموس رسالت حساس معاملہ ہے، آئین و قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جائے، امتناع قادیانیت ایکٹ کو مؤثر بنا کر شعائر اسلام کی بے حرمتی روکی جائے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، قاری محمد یوسف احرار، قاری محمد قاسم بلوچ، مولانا محمد مغیرہ، مولانا تنویر الحسن احرار، قاری محمد ضیاء اللہ ہاشمی،مولانا محمد سرفراز معاویہ،مولانا محمد الطاف معاویہ اور دیگر خطباء نے اپنے اپنے بیانات اور مختلف مساجد میں اجتماعات جمعۃالمبارک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا تبلیغی جماعت پر پابندی عائد کرنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے اس طرح کے اقدامات سے اسلام دشمن قوتوں کو تقویت مل رہی ہے، سعودی حکومت کو چاہیے کہ اپنے فیصلے پرنظر ثانی کرئے۔ مبلغین احرار نے کہا کہ افغانستان کے معاملے میں موجودہ حکومت کو مزید اقدامات اٹھانے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعاون کرنا مسلم ہمسایہ ہونے کے ناطے سے پاکستان کا اوّلین اخلاقی فرض بنتا ہے۔ احرار رہنماؤں اور مبلغین نے افغانستان کی تازہ صورتحال کے معاملے کے حوالے سے مختلف مکاتب فکر کاقاری محمد زوار بہادر کی صدارت میں منعقد ہونے والے اجلاس کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امارت اسلامی افغانستان پوری امت مسلمہ کا فخر ہے پورے عالم اسلام کو فوری طور پر اس مسئلے کا حل سوچنا چاہیے اور پاکستان کو اس میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔