لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی امیر سید عطاء المہیمن بخاری نے کہا ہے کہ ہم اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کی پرامن جدوجہد نامساعد حالات کے باوجود بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نواز حکمران اسرائیل سے تعلقات بارے امت مسلمہ کے جذبات واحساسات کو ملحوظ رکھیں،عالمی سامراج نے پاکستان میں چہرے بدل دیئے ہیں لیکن اپنا ایجنڈا تبدیل نہیں کیا۔مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ جس طرح اکابر احرار نے مسلسل محنت کر کے انگریز سامراج کو یہا ں سے نکالا تھا اسی جد و جہد کو لے کرہم آگے بڑھ رہے ہیں اور مرتے دم تک غلامی کو قبول نہیں کریں گے اور سامراجی ایجنڈے کو وطن عزیز میں بے نقاب کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ 11،12ربیع الاول کوچناب نگر میں ہونے والی ختم نبوت کانفرنس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں علاوہ ازیں عبداللطیف خالد چیمہ آج یکم اکتوبر ایک روزہ دورے پر لاہور آئیں گے اور اپنی جماعت کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کے علاوہ کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ واہل بیت پاکستان کے زیر اہتمام 18اکتوبر کو ناصر باغ لاہور میں ہونے والی عظمت صحابہ واہل بیت کانفرنس کے انتظامات بابت مجلس عمل کے رہنماؤں سے ملاقات ومشاورت کریں گے۔