لاہور(پ ر)مجلس احرار اسلام کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد، ملک محمد یوسف، سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، میاں محمد اویس، ڈاکٹر شاہد کاشمیری، قاری محمد یوسف احرار، سید عطاء اللہ شاہ ثالث بخاری، مولانا محمد مغیرہ، سید عطاء المنان بخاری، ڈاکٹر محمد عمر فاروق احرار، مولانا تنویر الحسن احرار، حافظ محمد ضیاء اللہ ہاشمی اور دیگر رہنماؤں نے سابق صدر پاکستان جسٹس (ر) محمد رفیق تارڑ کے انتقال پر ملال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی گراں قدر طویل قومی و سیاسی، قانونی و عدالتی اور دینی خدمات جلیلہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ تارڑ صاحب مرحوم عمر بھر اعتدال کے ساتھ دینی و قومی خدمات انجام دیتے رہے اور ملکی وقار کو بلند کرنے کا سبب بنے۔ وہ جھوٹ اور مکر سے کوسوں دور تھے اور راہ حق کے ایک سچے مجاہد کے طور پر مشہور تھے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ محمد رفیق تارڑ مرحوم کو حضرت امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری کی شخصیت اور مشن تحفظ ختم نبوت سے بے حد پیار تھا اور حضرت امیر شریعت بھی ان کو اپنا پانچواں بیٹا تصور کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی پاداش میں تارڑ صاحب مرحوم نے کئی سختیاں بھی برداشت کیں، لیکن ان کے پایہ استقلال میں کوئی کمی واقع نہ ہوئی،وہ اپنی خاندانی روایات کے امین تھے اور وضع داری میں اپنی مثال آپ تھے۔ احرار رہنماؤں نے دینی مراکز و مساجد کے منتظمین سے درخواست کی ہے کہ وہ تارڑ صاحب مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے اہتمام کریں۔