لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کے دعویدار سیاست مدینہ سے بہت دور ہیں اورانسداد جبری تبدیلیئ مذہب کے مجوزہ بل کا مقصد اسلام کے پھیلاؤ کو روکنا ہے جو در اصل عالم کفر کا ایجنڈا ہے وہ جامع مسجد صراط الجنۃ رحمن گلی لاہور میں نماز جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ منکرین ختم نبوت قادیانیوں کو بین الاقوامی ایجنڈے کی روشنی میں نوازا جارہا ہے اس عقیدے کی محبت مسلمانوں کے لیے بنیادی سرمایہ ہے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں حافظ عماریاسر کی قرار داد ختم نبوت کی منظوری کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ فیصلہ کہ سرکاری دفاتر اورضلعی حدود پر آیات ختم نبوت اوراحادیث ختم نبوت پر مشتمل عبارات درج کی جائیں گی دراصل توشہئ آخرت ہے۔ مبلغ ختم نبوت مولانا محمد سرفراز معاویہ نے مسجد اشرف علی ہجویری چونگی امر سدھو لاہور میں خطبہ جمعۃ المبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ عقیدہئ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کیوں کہ حضور نبی کریم ﷺکی ختم نبوت محفوظ نہ رہی تو کوئی بھی عمل محفوظ نہیں رہ سکتا۔ قبل ازیں جمعیت طلباء اسلام لاہور کے زیر اہتمام سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اوررد قادیانیت پر مرکزی دفتر احرار لاہور میں تقریری مقابلہ ہوا جس میں جمعیت طلباء اسلام کے متحرک ساتھی مولانا حمزہ حنیف اور مولانا محمد نصیر نے مدارس کے طلباء کرام کومدعو کیااور بزم کی انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیں۔اس تقریری مقابلہ میں دینی مدارس کے طلباء نے بھرپورحصہ لیا اورپوزیشنزحاصل کرنے والے طلباء میں مہمانان خصوصی عبداللطیف خالد چیمہ، حافظ نصیر احمد احرار اور مولانامحمد عثمان نے انعامات تقسیم کئے۔