مجلس احراراسلام پاکستان کے نائب امیر نواسہ امیر شریعت سید محمد کفیل بخاری نے ایوان احرارنیومسلم ٹاﺅن لاہور میں ماہانہ درس قرآن کریم دیتے ہوئے کہاہے کہ اللہ پاک کا مسلمانوں پر بے پناہ احسان ہے کہ اس نے ہماری کمی کوتاہیوں اور نافرمانیوں کو معاف کرنے کے لیے اپنا مہمان مہینہ رمضان عطافرمایا، اللہ کی رحمت اس ماہ مبارک میں اپنے عروج پر ہوتی ہے، اللہ پاک چاہتاہے کہ اس کی مخلوق خالص اللہ کے ساتھ اپنا تعلق قائم کرلے۔ انہوںنے کہاکہ روزہ رضائے الہٰی کا بہترین ذریعہ ہے ،روزہ صبر ،تحمل اور برداشت کا درس دیتاہے۔ انہوںنے کہاکہ رمضان المبارک اللہ پاک کی رحمتوں اوربرکتوں کو سمیٹنے کا سیزن ہے اور مسلمانوں کے لیے ریفریشر کورس ہے ،ماہ رمضان کا احترام کرنے والے اللہ کے محبوب بندے بن جاتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ رمضان اللہ کی خوشنودی کے حصول کابہترین ذریعہ ہے ماہ صیام روحانیت کا موسم بہار نیکیوں کا سیزن اور امت مسلمہ پرخاص انعام خدا وندی ہے، روزہ اللہ سے قریبی رشتہ جوڑنے کا ذریعہ ہے، روزہ ارکان اسلام کا اہم ترین رکن ہے ۔انہوںنے کہا کہ رمضان میں قرآن پاک کی تلاوت اور ذکر واذکار کا زیادہ سے زیادہ اہتمام کیاجائے اس ماہ مقدس میں نیکیاں ستر گناسے سات سوگنابلکہ اس سے بھی بڑھادی جاتی ہیں اللہ پاک کا فرمان ہے کہ روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا اجر دوں گا ۔یہ اللہ اور بندے کا معاملہ ہے کیونکہ روزہ ایسی عبادت ہے جس کا صر ف اللہ اور اس کے بندے کو پتہ ہوتاہے ،انہوںنے کہاکہ قرآن پاک میں مسلمانوں کو سیدھی راہ دکھانے کے لیے روشن دلیلیں ہیں قرآن مجید کو زیادہ سے زیادہ سیکھو اور سیکھاﺅ ،قرآن کے سیکھنے سیکھانے سے عالم کفر پرلرزہ طاری ہوجاتا ہے، قرآن ایک ایسی کتاب ہے جس کی حفاظت خود اللہ پاک نے اپنے ذمہ لی ہے یہ قیامت تک اپنی اصلی حالت میں محفوظ رہے گی اوریہ قرآن پاک کامعجزہ ہے ،استعماری قوتیں مسلمانوں کو قرآن سے دور کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہیں ۔