لاہور (پ ر) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو،ایس، سی، آئی،آر، ایف) کی واشگٹن سے جاری ہونے والی رپورٹ جس میں حکومت پاکستان کے پینل کوڈ کے آرٹیکل 295اور 298اے کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیاہے، کو مسترد کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ وہ امریکہ کو دو ٹوک الفاظ میں واضح کرئے کہ وہ ہمارے اندورونی اور مذہبی معاملات میں مداخلت بند کرئے۔ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے کنونیئر عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ قادیانیوں سمیت تمام اقلیتوں پر پاکستان میں کسی قسم کا کوئی ظلم روا نہیں رکھا جارہا بلکہ قادیانی اپنی آئینی اور دستوری حیثیت کو تسلیم نہ کرکے ریاستی رٹ کو مسلسل چیلنج کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیوں کو پوری امت اور پارلیمنٹ نے غیر مسلم اقلیت قرار دے رکھا ہے لیکن قادیانی اپنے کفر کو اسلام کا نام دے کر مسلمانوں کے حقوق غصب کررہے ہیں اور ریاستی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امتناع قادیانیت ایکٹ اور توہین رسالت جیسے قوانین پر مؤ ثر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا سوال ہے کہ پیغمبر انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کا حق مانگنا کونسی انسانیت کی خدمت ہے۔انہوں نے رپورٹ کے اس الزام کو مسترد کیا کہ توہین رسالت کے قوانین عالمی انسانی حقوق کے معیار سے متصادم ہیں۔انہوں نے کہا کہ یو،این،او کو توہین رسالت کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر قوانین بنانے چاہیے اور پغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین کے حوالے سے مسلمانوں کے ایمان و عقیدے کا لحاظ رکھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بیرونی یا اندورنی قوت یہ سمجھتی ہے کہ وہ اپنا دباؤ بڑھا کر تحفظ ختم نبوت جیسے قوانین کو ختم کروالے گی تو وہ اس کی بھول ہے، کمزور سے کمزور مسلمان بھی توہین رسالت برداشت نہیں کرسکتا، مگر ان پر جان قربان کر سکتا ہے۔