لاہور(پ ر)مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے اسلام آباد میں پالیسی ریسرچ میڈیا ورکشاپ سے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ فواد چودھری کا یہ کہناکہ ”دہشتگردی اور انتہاپسندی مغرب کی حمایت سے پھیلی بجا اوردرست ہے یہی بات تواہل حق کے تمام طبقات کہہ رہے ہیں کہ موجودہ انتہاپسندی اور دہشت گردی امریکہ اور مغرب کی بے جا حمایت کی وجہ سے پھیلی ہے اچھاہوا کہ یہ کڑواسچ فواد چودھری کے منہ سے بھی نکل آیا ، انہوںنے کہاکہ فواد چودھری نے یہ بھی کہاکہ ”مدارس کا نصاب امریکہ سے آیا“سراسر خلاف واقعہ ہے ۔انہوںنے کہاکہ عصری تعلیمی اداروں کو مغرب کے نصاب کی آماجگاہ بنادیاگیاہے جس سے بے دینی ،بے راہ روی اور بے حیائی فروغ پارہی ہے اور نوجوان نسل اپنی اقدار سے دور ہورہی ہے ،دینی مدارس کا نصاب چودہ صدیوں سے صفہ اور اصحاب صفہ سے ملاہواہے ،دینی درسگاہیں ملک کی نظریاتی سرحدوں کادفاع کررہی ہیں ،انہوںنے کہاکہ دینی اداروں میں ایسے افراد تیار کیے جارہے ہیں جو امت کو آسمانی تعلیمات سے جوڑنے کا سبب بنتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے مساجد،دینی مدارس اور دینی تحریکوں کو بدنام کرنے میں کوئی کسر اٹھانہیں رکھی ،انہوںنے کہاکہ جہاد فریضہ ہے اور اس فریضے کے لئے ہمارے پاس جہاد اور تقویٰ پر یقین رکھنے والی پاک فوج موجود ہے اس لیے پرائیویٹ سیکٹر میں کسی کو جہاد کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہئے ۔