لاہور(پ ر) روزہ مسلمانوں کی تربیت و اصلاح کا بہترین ذریعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ایمان والوں کے اعمال، اخلاق اور معاملات درست کرنے کے لیے رمضان المبارک کا مہینہ عطاء فرمایا۔ رمضان المبارک صبر کا مہینہ ہے روزہ اپنی غفلت و کوتاہی دور کرنے اورگناہوں سے معافی کا ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری ایوان احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں ماہانہ درس قرآن کریم کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح نماز، حج اور زکوٰۃ میں تکمیل دین کا اعلان ہے اسی طرح رمضان کے روزوں کے فرض ہونے میں بھی ختم نبوت کا اظہار ہے۔ نبوت و رسالت اپنی انتہاء کو پہنچی تو دین مکمل ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اور قرآن کریم لازم وملزوم ہیں۔ قرآن کریم رمضان میں نازل ہوا جس میں بنی نوع انسان کے لیے ہدایت و رہنمائی ہے۔ قرآن ہی حق و باطل میں فرق کرنے والی کتاب ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کے بعد اللہ تعالیٰ کی کوئی کتاب نہیں،حضور خاتم النبیین ﷺ کے بعد کوئی نبی نہیں اور آپﷺ کی امت کے بعد کوئی امت نہیں۔ مجلس احرار اسلام عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے اپنی محنت جاری رکھے گی غیر مسلموں کو اسلام کی دعوت و تبلیغ، مسلمانوں کے ایمانوں کی حفاظت اور عقیدہ توحید و ختم نبوت کا تحفظ مجلس احرار اسلام کا نصب العین ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمران آئین پر عمل کرکے پاکستان کو مکمل اسلامی ریاست بنا سکتے ہیں پاکستان رمضان المبارک میں اسلام کے نام پر قائم ہوا۔ ملک کی سلامتی و بقاء نفاذ اسلام میں ہی مضمر ہے۔