ختم نبوت کا حلف نامہ الیکشن ترمیم میں شامل، جمعہ کو یوم تشکر منایا جائے گا: عبداللطیف خالد چیمہ
لاہور(پ ر) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے انتخابی بل2017ء میں کی جانے والی ترمیم قومی اسمبلی میں ایک بل کے ذریعے واپس لینے اور عقیدۂ ختم نبوت والا حلف نامہ ہوبہوبحال کرنے کو مسلمانوں اور دینی قوتوں کی شاندار فتح سے تعبیر کرتے ہوئے تما م اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ہے ۔متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر عبداللطیف خالد چیمہ نے پریس بریفنگ میں اپنے تبصرہ اور ردعمل میں کہا ہے کہ بروقت نشاندہی کرنے میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے جرأت مندانہ کردار ادا کیا ہے اور اپنے نظریاتی اور فکری استاد آغاشورش کاشمیری کی یاد تازہ کردی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ کہنا کہ’’ختم نبوت کے حلف نامے پر جس نے غلطی کی ہے اسے نکال باہر کیا جائے‘‘ہم اس کا خیر مقدم بھی کرتے ہیں اور مکمل تائید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ جناب یہ غلطی نہیں ہوئی بلکہ ’’واردات ‘‘تھی جورنگے ہاتھوں پکڑی گئی انہوں نے کہا کہ قادیانیوں نے 1978ء میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اے زیڈ فاروقی کے ذریعے بھی ایسی ہی ایک واردات کی کوشش کی تھی جسے جمعیت علماء اسلام کے قائد مولانا مفتی محمود ؒ نے ناکام بنا یا تھا ۔عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ اسمبلی کی اس متفقہ ترمیم جس کے ذریعے ختم نبوت والا حلف نامہ اور شق نمبر 7Bاور7Cبحال ہوئی ہیں اس پر آج اجتماعات جمعۃ المبارک میں ملک بھر میں یوم تشکر منایا جائیگا انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ،خطباء عظام سے پرزور اپیل کی کہ وہ خطبات جمعۃ المبارک میں تحریک ختم نبوت کی اس کامیابی اور قادیانیوں کی ریشہ دوانیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالیں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر قانون اور دوسرے وزراء اور ن لیگی رہنما جو منگل تک یہ کہہ رہے تھے کہ کچھ ہوا ہی نہیں یکدم ان کے مؤقف میں تبدیلی اصل ملزمان اور ذمہ داران کی نشاندہی کرتی ہے انہوں نے کہا کہ حلف نامے کی بحالی جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کا اعجاز ہے ۔اللہ کا شکرہے کہ اللہ نے ہماری لاج رکھ لی یہ سب جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فیض ہے ۔انہوں نے کہا کہ حلف نامے کو بدلنے والے جتنے کردار بھی ہیں سب کو بے نقاب کیا جائے اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کے بعد ان کرداروں کو نشان عبرت بنایا جائے انہوں نے کہا اسلام،ختم نبوت اور پاکستان کے خلاف سازشیں امریکہ،انڈیا اور اسرائیل میں ترتیب دی جاتی ہیں اور قادیانی اور قادیانی نواز مہرے پاکستان میں استعمال ہوتے ہیں ۔ن لیگ کے لئے ضروری ہے کہ وہ ان مہروں سے جان چھڑالے تو امکان ہے کہ ان پر آئی ہوئی نحوست بھی دور ہوجائے گی ۔