رحیم یارخان (پ ر)مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی رہنما مولانا سید عطاء اللہ ثالث بخاری نے مجلس احراراسلام پاکستان شعبہ تبلیغ کے ناظم ڈاکٹر محمد آصف،ضلعی صدر حافظ محمد اشرف،جنرل سیکرٹری عبداللہ حجازی،حافظ محمد صدیق چوہان،قاری شاہد بلوچ،حافظ محمد زبیر کمبوہ،سید ناصر ہاشمی،قاری یعقوب نقشبندی،محمد مغیرہ رحیمی اورزاہر چوہان کے ہمراہ حافظ محمد عاصم بلوچ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے بیرونی دباؤ ہر ناموس رسالت کے قانون میں چھیڑ چھاڑ کی تو اس کے نتائج انتہائی بھیانک ہونگے اورملک خانہ جنگی کی طرف چلا جائے گا،حکومت کو چاہئے کہ کوئی بھی قد م اٹھانے سے پہلے نتائج کا اندازہ کر لیں ،تحفظ ناموس رسالت کے لئے ہر مسلمان محافظ کا کردار ادا کرے گا. انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اورآرمی چیف کی امریکہ روانگی سے قبل ٹرمپ کے سامنے قادیانیوں پر مظالم سے متعلق بے سروپا باتیں اورمن گھڑت ظلم کی داستانیں بیان کر کے ایک ایسی فضا ء قایم کردی ہے جس کا لازمی نتیجہ ہے کہ اس دورے سے واپسی پر پاکستان کی دینی قوتوں کو انتظارہوگا کہ پاکستان کا نمائندہ وفد اس سے متعلق اپنی پوزیشن واضح کرے،امریکہ میں امتناع قادیانیت آرڈیننس کے متعلق کیامعاملات طے پائے،توہین رسالت ایکٹ کے متعلق کیا اقدامات کئے جانے والے ہیں؟
دنیائے کفر پاکستان میں کبھی بھی امن وسلامتی کو زیادہ دیر تک قائم نہیں رہنے دیتی انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لیکر آج تک پاکستان میں مذہبی قوتوں اورریاست کے مابین ٹکراؤ کی فضا پیداکی جارہی ہے جس سے ملکی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں.
قادیانیت انگریز کا خود کاشتہ پودا ہے جس مقصد کے لئے یہ پودا کاشت کیا گیا آج اس کے برگ وبار پاکستان میں زہر گھولنے کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں.
ملک کی سیاسی تاریخ میں ذوالفقار علی بھٹو مرحوم نے قادیانیوں کے خلاف بل پاس کیا ضیاء الحق کے ذریعے انہیں تختہ دارپر لٹکایا گیا،ضیاء الحق مرحوم نے امتناع قادیانیت آرڈینس جاری کی اس جرم کی پاداش میں صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا.
ایک اہم ترین سوال ہے کہ قادیانیوں کے معاملہ میں مغربی قوتیں ہمیشہ اثر انداز ہونے کی کوشش کیوں کرتی ہیں؟
،قادیانی آج بھی اپنے بیرونی آقاؤں کی خوشنود ی اورمفادات کے لئے برصغیر میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں اوریہ ایک واضح حقیقت ہے کہ پاکستان اورہندوستان کی بقا وسلامتی تمام مذہبی جماعتوں کے آپس کے اتحاد میں ہے جبکہ مغربی قوتوں کا فائدہ ان کے انتشارمیں ہے،ٹرمپ کی کشمیر کے معاملے پر ثالثی کی پیشکش کرنا برصغیر میں چائنہ کے بڑھتے ہوئے اثر کو کمزورکرنے اوراپنی سابقہ حیثیت بحال کرنے کی ایک کوشش ہے،ہندوستان اورپاکستان اگر امریکہ کے ذریعے مسئلہ کشمیر کی ثالثی کرواتے ہیں تو یقیناً اس بندربانٹ سے خطے کا امن مزید تہہ وبالا کردیا جائے گا،مجلس احراراسلام یہ سمجھتی ہے کہ اس خطے کے امن کے لئے دونوں ممالک کواپنے مسائل بیرونی مداخلت کے بغیر ڈائیلاگ کے ذریعے حل کرنے چاہییں،اگر امریکہ کو مداخلت کا موقع دیا گیا تو اب کی بار نقصان ناقابل تلافی ہو گا.
وطن عزیزدنیا بھر کے مسلمانوں کی امنگوں اورآرزوؤں کا محورومرکز ہے حکمرانوں کودینی معاملات کے متعلق کوئی بھی قدم اٹھاتے وقت ملک کے نظریاتی،تاریخی اورجغرافیائی تشخص کو بہر طور سامنے رکھنا چاہئے۔