لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے دفتر احرار لاہور سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت اور اپوزیشن آپس کی محاذ آرائی سے بالاتر ہو کر عوام کے بارے کچھ سوچ لیں۔انہوں نے کہا کہ رحمتوں اور برکتوں والا ماہ مقدس رمضان شریف قریب آرہا ہے اور مہنگائی کی دلدل سے عوام کو نکالنے کے لیے نہ تو کوئی حکومتی اقدامات نظر آرہے ہیں اور نہ ہی اپوزیشن کی طرف سے دلاسہ دینے والا کوئی بیان آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خدارا غریب عوام کے حال پر رحم کیا جائے کچھ کرونا وائرس کی وجہ سے حالات کشیدگی کی طرف بڑھ رہے ہیں اور باقی غریب کا خون کمر توڑ مہنگائی نے نچوڑ لیا ہے۔انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، خطباء عظام اور ائمہ مساجد سے پر زور اپیل کی ہے کہ جمعۃ المبارک کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اجتماعی توبہ واستغفار کرائی جائے اور حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کی ترغیب دی جائے۔