مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی لڑائی نے ملک کو دیوالیہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔ لاہور سے چیچہ وطنی جاتے ہوئے جامعہ اشرفیہ ساہیوال میں علماء کرام سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ شہدائے ختم نبوت کی وجہ سے پاکستان قادیانی اسٹیٹ بننے سے بچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ قوانین پر عملداری نہ ہونے کی وجہ سے کشیدگی جنم لیتی ہے، حکومت توہین رسالت و توہین صحابہ کے قوانین پر عملداری کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ وقف املاک ایکٹ کے ذریعے دینی مدارس و مساجد کو کنٹرول کرنے کا ایجنڈا بری طرح ناکام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی اشاروں پر ناچنے والی سیاسی و مذہبی لابیاں کامیاب نہیں ہوں گی۔