رحیم یارخان (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی امیر سید محمد کفیل شاہ بخاری نے جامعہ دارالعلوم فاروقیہ میں مجلس احرار کے عہدیداران ضلعی صدرحافظ محمد اشرف، مولوی فقیر اللہ رحمانی، محمد عبداللہ حجازی، حافظ محمد زبیر کمبوہ، حافظ محمد صدیق چوہان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجلس احرار عقیدہ ختم نبوت اورناموس رسالت کے تحفظ کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔ اسلام کی دعوت اورتبلیغ و تعلیم قیامت تک جاری رہے گی۔ مجلس احرار اسلام 92سال سے تحفظ ختم نبوت اور تبلیغ اسلام کی محنت جاری رکھے ہوئے ہے۔ ملک بھر میں مجلس احرار اسلام کی رکنیت سازی مہم جاری ہے اور 29دسمبر کو ملک بھر میں یوم تاسیس منایا جائے گا اورتقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد مجلس احرار اسلا م میں شامل ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کمر توڑ مہنگائی کر کے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کر دیے ہیں اوربجلی کی قیمتوں میں پونے پانچ روپے کا اضافہ اور منی بجٹ کی تیاریاں غریب عوام پربجلی بن کر گرے گا، ملک قرضوں کی دلدل میں دھنس کر رہ گیا ہے حکمرانوں نے عوام کوخوشحالی دینے کی بجائے بھوک، افلاس اور بے روزگاری دی ہے۔ حکمران عوام کے مسائل حل کریں ورنہ آئندہ انتخابات میں عوام انہیں حل کر دے گی
دریں اثنا مجلس احرار اسلام کی سٹی باڈی کے عہدیداران کے چناؤ کے لئے ایک انتخابی اجلاس مولانا فقیر اللہ رحمانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جس میں کثرت رائے سے سٹی امیر کے لئے حافظ محمد عاصم خان، ناظم قاری محمد شاہد بلوچ، نائب صدرقاری محمد حافظ زبیر کمبوہ اور ناظم نشرواشاعت قاری محمد یعقوب منتخب ہوئے۔مجلس احرار اسلام کے مرکزی امیر سید محمد کفیل شاہ بخاری نے مجلس احرار اسلام رحیم یارخان کے سٹی باڈی کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دین کی دعوت اوراسلام کے خلاف اٹھنے والے فتنوں کا مقابلہ پوری قوت سے کریں وطن عزیزکے دفاع وسلامتی کے لئے اپنی توانائیاں صرف کردیں۔ اس موقع پر مجلس احرار اسلام سٹی رحیم یارخان کے کارکنوں نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔