لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو اپنی عوام کی خبر رکھنی چاہیے عوام معاشی طور پر جس سطح پر پہنچ گئی ہے پہلے کبھی نہ پہنچی تھی اور ابھی بھی حکمرانوں کا کہنا ہے کہ عمران خان عوام کے مسائل کے حل کی واحد امید ہیں۔ وہ ایوان احرار نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں ماہانہ درس قرآن کریم کی نشست سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والے سیاست مدینہ سے کوسوں دور ہیں جب تک عوام کے مسائل حل نہیں ہو جاتے مہنگائی پر کنٹرول نہیں ہو جاتا تب تک حکومت کو کوئی حق نہیں ہے کہ وہ ریاست مدینہ کا دعویٰ کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران امریکہ اور طاغوتی طاقتوں کے دباؤ میں آکر اپنی معیشت کی کنجی ان کے ہاتھ دینا چاہتے ہیں اور ائی ایم ایف وطن عزیز کو قرض کے نیچے دبا کر سب کچھ اپنے کنٹرول میں کرنا چاہتی ہے اور ہمارے حکمران ایک ہی رٹ لگا کر بیٹھے ہوئے ہیں کہ چوری کیا ہوا پیسہ باہر سے آئے گا اور ملک ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی ریشہ دوانیوں کو حکومت کا نظر انداز کرنا اچھی علامت نہیں ہے اور یہ بات واضح ہے کہ ہم کسی صورت بھی قوانین توہین رسالت اور قوانین تحفظ ختم نبوت میں ترمیم نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ 11،12ربیع الا ول کو چناب نگر میں چناب نگر میں ہونے والی سالانہ ختم نبوت کانفرنس اور دعوتی جلوس میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔