لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام، تحریک تحفظ ختم نبوت اور جمعیت علماء اسلام کے متعدد رہنماؤں نے جمعیت علماء اسلام کے سابق صوبائی رہنماء مجاہد کبیر حافظ محمد حبیب اللہ چیمہ کی خدمات جلیلہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دارالعلوم ختم نبوت بلاک نمبر 12چیچہ وطنی میں ان کے نام پر ”گوشۂ حافظ محمدحبیب اللہ چیمہ“ قائم کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ مرحوم خواجہ خواجگان مولانا خان محمدؒ کے مقربین میں سے تھے جب کہ مرحوم نے جمعیت علماء اسلام، خانقاہ رشیدیہ اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے پلیٹ فارمز سے دینی و روحانی اور سیاسی و سماجی خدمات انجام دیں جن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں حافظ محمدحبیب اللہ چیچہ کے پہلے یوم وصال پر چیچہ وطنی اور گرد نواح کی متعددمساجد میں مرحوم کے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا مرکزی اجتماع دارالعلوم ختم نبوت چیچہ وطنی میں منعقد ہوا جس میں دینی و سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے شرکت و خطاب کیے۔ اجتماع کے مقررین نے اس امر پرگہری تشویش کا اظہار کیا کہ گزشتہ سال دسمبر میں جامع مسجد کے دو کمروں کو غیر قانونی طور پر مسمار کرنے اور حافظ محمدحبیب اللہ چیمہ کی موت کا سبب بننے والے ظالم مافیا کے خلاف مؤثر قانونی کاروائی نہیں کی گئی، اجتماع میں یہ بھی کہا گیا کہ وقوعہ کی ایف آئی آر کے حوالے سے اس وقت کے پولیس افسران خصوصاًاے ایس آئی محمد صدیق نے مدعی پارٹی کو تفتیش میں شامل نہیں کیااور نہ ہی ہمارا مؤقف سنا اس لیے تفتیشی افسر اے ایس آئی محمد صدیق کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔