حاجی عبدالوہاب کی دینی و تبلیغی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا: قائد احرار سید عطاء المھیمن بخاری
لاہور(پ ر)مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مولانا سید عطاء المھیمن بخاری نے امیر تبلیغی جماعت حضرت حاجی عبدالوھاب کے انتقال پر تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ حاجی عبدالوھاب رحمہ اللہ پوری امت مسلمہ کی بھلائی اور خیر خواہی کا درد رکھنے والے انسان تھے ، انہوں نے عمر بھر کسی انسان کو تکلیف نہیں پہنچائی بلکہ خیر ہی بانٹتے رہے ، وہ اپنے عہد میں انسانیت کے سب سے بڑے خیر خواہ تھے مجلس احرار اسلام کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ ، نائب امیر سید محمد کفیل بخاری ، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر عمر فاروق ، میاں محمد اویس ، سید عطاء اللہ ثالث بخاری اور مولانا محمد مغیرہ نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں حضرت حاجی عبدالوھاب کی دینی تبلیغی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ، انہوں نے کہا کہ حاجی صاحب نے تمام دینی قوتوں کی سرپرستی فرمائی ، خاص طور پر عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور رد قایانیت کی جدوجہد کرنے والی جماعتوں اور شخصیات کی حوصلہ افزائی فرماتے ، انہوں نے کہا کہ وہ ایک عبقری شخصیت تھے جن کا خلا مدتوں پر نہ ہو گا۔