لاہور (پ ر) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر اور مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ جب تک ہم زندہ ہیں کوئی مائی کا لعل چناب نگر (ربوہ) ٹول پلازہ کے قریب داخلی راستے پرنصب آیت ختم نبوت اور حدیث ختم نبوت نہیں اتار سکتا ہماری زندگی اور موت کا مسئلہ ہے اللہ تعالیٰ اور حضور خاتم النبیین ﷺ کے ارشادات کو قادیانیوں کے ایما پر اتار دیا جائے ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 3جون جمعۃالمبارک کو آیت ختم نبوت اور حدیث ختم نبوت پر مبنی بورڈ آویزاں کیا گیا وہ 2021کو پنجاب اسمبلی میں پاس ہونے والے قانون کے آئین مطابق تھا اور مولانا محمد الیاس چنیوٹی (ایم پی اے) سمیت دیگر علماء کرام نے ضلع چنیوٹ کی سرکاری انتظامیہ سے مشاورت کے بعد ہی ایسا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب جو بورڈ اتارنے کے لیے حیلے سرکاری انتظامیہ تلاش کر رہی ہے ہم انہیں مسترد کرتے ہیں اور اگر کوئی چھیڑ خوانی کی گئی تو تمام مکاتب فکر کا مشترکہ پلیٹ فارم ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان پوری قوت کے ساتھ مزاحمت کرے گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابقہ ادوار کی طرح موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں بھی قادیانیوں کو نوازا جارہا ہے اور عاشقان رسول اللہﷺ کو ستایا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے مولانا محمد الیاس چنیوٹی، چودھری راسخ الٰہی،مولانا قاری شبیر احمد عثمانی، مولانا محمد مغیرہ اور دیگر حضرات سے رابطے کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور کہا کہ ربوہ برانڈ ارتداد کو نوازنے کا رویہ ترک کر دیا جائے اور امتناع قادیانیت ایکٹ پر مکمل و مؤثر عمل درآمد کروایا جائے۔مولانا محمد الیاس چنیوٹی (ایم پی اے)نے کہا ہے کہ چناب نگر (ربوہ) ٹول پلازہ سرگودھا روڈ پر نصب آیت ختم نبوت اور حدیث ختم نبوت پر مبنی بورڈ کے مسئلہ پر میں پنجاب اسمبلی میں تحریک استحقاق پیش کروں گا اور دینی و شہری محاذ پر پوری قوت کے ساتھ اپنا کردار ادا کروں گا میں اپنے باپ مولانا محمد منظور احمد چنیوٹی کے نقش قدم پر چل کر دکھاؤں گا۔ دریں اثناء تحریک نفاذ امتناع قادیانیت ایکٹ پاکستان کے سربراہ مولانا محمد یونس حسن، مولانا عبدالرحمن لدھیانوی اور مولانا عاطف شہزاد پر مشتمل ایک وفد نے عبداللطیف خالد چیمہ سے ملاقات کر کے تحریک ختم نبوت کی تازہ ترین صورتحال معلوم کی اور اپنے تعاون کا مکمل یقین دلایا۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کے محاذ پر جتنے لوگ کام کر رہے ہیں وہ ہمارے قدرتی حلیف ہیں اور محسن بھی وہ ہمارا ہی کام کر رہے ہیں۔