لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کی مرکزی قیادت نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام، خطباء عظام، مبلغین اور ائمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ اپنے اپنے خطبات جمعۃ المبارک میں حضور خاتم النبیین محمد کریمﷺ کے ساتھ والہانہ محبت وعقیدت اور احترام کے مقدس موضوع پر روشنی ڈالیں اور سیرت طیبہ کو عملی زندگی میں لانے کے لیے ترغیب دیں اور اس کے ساتھ ساتھ تحفظ ختم نبوت کے مشن کے ساتھ وابستگی اور اس پیغام کو گھر گھر عام کرنے کے لیے قافلے میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیائے کفر یہ جانتا ہے کہ جب تک مسلمان آقا ﷺ سے محبت کرتے رہیں گے اسلام کا راستہ روکنا ممکن نہیں ہے۔اسی لیے وہ وقتا فوقتا مسلمانوں کے ایمان کا امتحان لینے کے لیے آقا ﷺ کی گستاخی جیسی حرکات کرتے رہتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہر دور میں عالم کفر کومسلمانوں نے دوٹوک جواب دیا اور قیامت تک کفار کو ان حرکات سے روکتے رہیں گے۔