لاہور(پ ر) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے سینٹر فارسوشل جسٹس نامی تنظیم (این جی او) کی تیار کردہ رپورٹ کے مندرجات کو مسترد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو بدنام کیا جارہا ہے۔ متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنوینر عبداللطیف خالد چیمہ نے اپنے تبصرے اور رد عمل میں کہا ہے کہ جبری طور پر مذھب کی تبدیلی ہو رہی ہے اور نہ ہی اکثریتی مذھب کو مسلط کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ توہین رسالت کے کیسز میں وہ صورتحال ہرگز نہیں ہے جس کا اس این جی او نے ذکر کیا ہے۔ انہوں نے وزارت داخلہ اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ این جی او کے خلاف مکمل تحقیقات کی جائیں اور پاکستان پر ہر زہ سرائی کرنے والی این جی اوز پر پابندی عائد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وطن دشمن عناصر اور قادیانی لابی بین الاقوامی این جی او کے راستے سے فنڈز حاصل کر کے زاہر اگل رہی ہیں۔