لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ جبری تبدیلی مذہب کے مجوزہ بل کو پاکستان کی اسمبلیوں میں لانے والوں کو پتا ہونا چاہیے کہ طویل قربانیوں کے بعد یہ وطن عزیز حاصل کیا گیا تھا،اس خطے کے لوگ کبھی بھی اسلام مخالف پالیسیوں کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کے بل کے حوالے سے بیان کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ باقی تمام حکومتی ارکان بھی اپنا فرض سمجھتے ہوئے پاکستانی آئین میں اسلامی دفعات کا تحفظ کریں۔انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت پالیسی کے طور پر اس بل کو مسترد نہیں کر دیتی یہ تحریک جاری رہے گی اس لیے حکومتی ارکان اپنا مؤقف واضح کریں اور ادارے اس کی تحقیق کریں کہ کون کون سے رکن اسمبلی ہیں جو اسلام مخالف ایجنڈے کو کامیاب کرنے میں بیرونی طاقتوں کا آلہئ کار بنے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی رہنماء ہمیشہ نظریاتی سرحدات کا پہرا دیتے رہیں گے اور مجلس احرار اسلام اپنے اکابر کی روایات کے مطابق اپنے پلیٹ فارم پر تمام مکاتب فکر کو اس مشن کے لیے مدعو کرتی رہے گی۔