لاہور(پ ر)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی نائب صدرسیدمحمدکفیل بخاری نے کہاہے کہ حکومت پاکستان اقوام متحدہ میں توہین آمیزخاکوں کے حوالے سے ہالینڈکے خلاف قراردادپیش کرے ۔انہوں نے کہاکہ نبی کریم ﷺ کی توہین کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت توہین آمیز خاکے شائع کرنے کے فیصلے پرہالینڈ سے سفارتی تعلقات معطل کرے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گوجرانوالہ میں مختلف اجتماعات سے خطاب میں کیا۔سیدکفیل بخاری نے کہاکہ او۔آئی۔ سی ہالینڈ کے خلاف مؤثر آواز بلند کرے اور مسلم ممالک کے حکمران ہالینڈ کی مصنوعات کابائیکاٹ کریں۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق توہین مذہب اورمقدس شخصیات کی توہین جرم ہے ۔انہوں نے کہاکہ مجلس احرار آئندہ ہفتے پورے ملک میں ہالینڈکے خلاف شدید احتجاج کرے گی اور مسلم ممالک کے سفیروں کویادداشت بھجوائی جائے گی ۔اس موقع پرمجلس احراراسلام گوجرانوالہ کے سرپرست شیخ الطاف الرحمن ،صدرخاوربٹ ، جنرل سیکرٹری محمداکمل ،طلحہ صدیقی اورمہرمحمدیونس ساقی بھی موجودتھے۔انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا ایک اجلاس 6ستمبر جمعرات کو مرکزی دفتر لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں ملک کی دینی وسیاسی صورت حال کا جائزہ لے کر ایک رپورٹ تیار کی جائے گی اور لائحہ عمل طے کیا جائیگا اجلاس کی بابت ایجنڈا مجلس احراراسلام کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالدچیمہ کی جانب سے مرکزی مجلس شوریٰ کے تما م ارکان کو جاری کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بتا یا کہ 7ستمبر جمعۃ المبار ک کو 1974ء کی قرارداد اقلیت کے حوالے سے ملک گیر سطح پر یوم تحفظ ختم نبوت جوش وخروش کے ساتھ منایا جائیگا اور مرکزی اجتماع بعدنماز مغرب مرکزی دفتر لاہور میں ہوگا ۔