لاہور (پ ر)مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے قومی اسمبلی میں آئین و قانون کے مطابق تبدیلی کا خیر مقدم کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ نئی بننے والی حکومت سابقہ ادوار کے حکمرانوں کی غلطیوں کو نہیں دہرائے گی اور اسلامی نظام کے نفاذ اور ملک کی سلامتی کو ہر دم پیش نظر رکھے گی۔ تحریک عدم اعتماد کی آخر کار کامیابی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر یہ عمل بغیر کسی کشیدگی اور بدمزگی کے وقوع پزیر ہوجاتا تو تب ہم مانتے کہ ”جمہوریت“ میں ایسا بھی ہوا کرتا ہے۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ مجلس احرار اسلام اپنے روز قیام سے قیام حکومت الٰہیہ کی روشنی میں انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکال کر ایک اللہ کی بندگی میں لانے اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے سر گرم عمل ہے جو حکومت ان عظیم مقاصد کے لیے اپنے وسائل کو بروئے کار لائے گی ہم اس کے ساتھ تعاون کریں گے اور ویسے بھی نیکی کے ہر کام میں ہم ہمیشہ تعاون اور برائی کے ہر کام میں رکاوٹ بننے کے قرآنی اصول پر کار بند رہیں گے اور ان شاء اللہ تعالیٰ آئندہ بھی قرآنی اصول پر عمل پیرا رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی حکومت کو جانچنے اور پرکھنے کا ہمارادرینہ فارمولا اور پیمانہ عقیدہ ختم نبوت ہے اور ہم اسی تھر مامیٹر کے ساتھ دیکھتے ہیں کہ کونسی حکومت جناب نبی کریم ﷺ کے ناموس رسالت اور ختم نبوت کے تحفظ اور دفاع کے قوانین پر کتنا عمل کرتی ہے اور عالمی سامراج کے لگائے ہوئے پودے قادیانیت کو کتنا نوازتی ہے یا قانون کے شکنجے میں لاتی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے نئی بننے والی حکومت اور نئی اپوزیشن عوامی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے ذاتی اور باہمی کشمکش کو مزید فروغ نہیں دے گی۔