لاہور(پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے تمام مکاتب فکر کے سرکردہ علماء کرام کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی شکل میں سری لنکن ایمبسی کے خیرسگالی کے طور پر کئے جانے والے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ کی وجہ سے سری لنکن عوام اور سوگوار خاندان کے غم میں ہم برار کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ کے بعد جس تیزی سے ریاستی اداروں نے ایکشن لیا ہے امید کرتے ہیں کہ اسی سرعت کے ساتھ اس واقعہ کی اصل وجوہات تک بھی رسائی حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کے لیے اسلامی اور شرعی سزاؤں کا نفاذ ازحد ضروری ہے تاکہ ملکی سالمیت کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ واقعہ کسی بھی طرح مذہبی نہیں عالمی طاغوتی قوتیں اس واقعہ کے پیچھے اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنا چاہتی ہیں۔دونوں رہنماؤں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سازش کو ناکام کرنے کے لیے اپنا کردار اد اکریں۔