لاہور (پ ر) مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ شہدائے ختم نبوت 1953 کی یاد منانے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ حالیہ تحریک ختم نبو ت کو ملکی اور عالمی سطح پر ازسر نو مرتب کیا جائے اور قادیانیوں کی اسلام،مسلمانوں اور وطن عزیز کے خلاف سازشوں کو احراری جرأت و ہمت کے ساتھ بے نقا ب کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز مرکز احرار، مسجد ختم نبوت گرین ٹاؤن بوریوالہ میں شہدائے ختم نبوت اور سپہ سالار ختم نبوت قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری کی یاد میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سید عطاء المہیمن بخاری نے پوری زندگی اسلامی نظام کے نفاذ کی جد وجہد اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے گزار دی ان کی دی ہوئی راہ اور طرز کو باقی رکھنا احرار کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ انشاء اللہ تعالیٰ نظام ہائے باطلہ کے خلاف اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے اپنی پر امن و آئینی جد وجہد کو نامساعد حالات کے باوجود پوری توانائی اور تسلسل کے ساتھ جاری و ساری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک ختم نبو ت1953ء کے شہدائے ختم نبوت کا جرم بے گناہی یہ تھا کہ وہ اسلام کے نام پر حاصل کردہ ملک پاکستان میں قرآنی نظام کے نفاذ اور منصب رسالت کے تحفظ کا حق مانگتے تھے اسی جرم میں اس وقت کے مسلم لیگی، حاجی،نمازی حکمرانوں نے دس ہزار عاشقانِ رسول اللہ ﷺ کے سینے گولیوں سے چھلنی کر دئیے لیکن قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار نہ دیا گیا جب کہ پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم نے پارلیمنٹ کے ذریعے لاہوری و قادیانی مرزائیوں کو اقلیت قرار دلویا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو مرحوم نے ہی اڈیالہ جیل میں کہا تھاکہ ”قادیانی پاکستان میں وہی مرتبہ حاصل کرنا چاہتے ہیں جو مرتبہ یہودیوں کو امریکہ میں حاصل ہے“ عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ یہ سعادت بھٹو مرحوم کے مقدر میں تھی چنانچہ اسی کو ملی۔انہوں نے کہا کہ آج بھی توہین رسالت کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد نہیں ہو رہا جب کہ مجلس احرار اسلام ان مقاصد کے حصول کے لیے سر گرم عمل ہے اور رہے گی۔ اس موقع پر حکیم عبدالرزاق نے ہدایہ نعت رسول مقبول ﷺ پیش کیا جبکہ حافظ محمد مغیرہ خالد نے سپہ سالار ختم نبوت قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔بعد ازاں عبداللطیف خالد چیمہ نے دفتر احرار بوریوالہ میں اپنی جماعت کے عہدداروں وکارکنوں اور شہریوں سے ملاقات کی جب کہ جامعہ عربیہ اسلامیہ کے مہتمم مولانا محمد ہارون نعمانی کی دعوت پر ان کے ادارے کا دورہ کیا اس موقع پر علماء کرام نے خالد چیمہ سے ملاقات کی اور تحریک ختم نبوت کی پیشرفت کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا اس موقع پر صوفی عبدالشکور احرار، محمد نوید طاہر اور دیگر حضرات بھی موجود تھے۔